شہر میں جاری پانی کی قلت عوام کیلئے عذاب بن گئی ہے،پاسبان

بدھ 15 جون 2016 23:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 جون ۔2016ء) شہر میں جاری پانی کی قلت عوام کیلئے عذاب بن گئی رمضان المبارک کے دوران پانی کی قلت پر حکومت کا چشم پوشی پر مبنی رویہ ناقابل معافی ،عوام میں اشتعال اور نفرت کا سبب بن رہا ہے ۔ پانی کی قلت کے مسئلے کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات کئے جائیں ۔ صنعتی علاقوں میں پانی چوروں اور ٹینکر زمافیا کو لگام دی جائے۔

عوام کی شکایت کا ازالہ اور قلت زدہ علاقوں میں پانی کی لائنوں میں پانی فراہم کیا جائے۔ اگر حکومت اور انتظامیہ نے احساس نہ کیا تو عوام میں پھیلنے والا اشتعال امن و امان کی تباہی کا سبب بن سکتا ہے، ان خیالات کا اظہار پاسبان رہنماؤں اکرم آگریا ، عابد حسین بلوچ ، شوکت اﷲ نے پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے گفتگو کرے ہوئے کیا،پاسبان پریس انفارمیشن سیل پر مواچھ گوٹھ کے پاسبا ن رہنما صدیق بلوچ اور مراد بلوچ نے رابطہ کرکے بتایا کہ مواچھ گوٹھ کے علاقے میں پانی کی لائنوں میں پانی نہیں آرہا مگر ٹینکرز کی بھر مار نظر آرہی ہے اور ٹینکرز مافیا منہ مانگی قیمتوں پر ٹینکر فراہم کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

مواچھ گوٹھ نور شاہ محلہ میں 9سال سے پانی کی لائن کا معمولی مسئلہ حل نہیں کیا جارہا ۔ جس کے باعث علاقہ مکین پانی کی بوند بوند کو ترس رے ہیں جبکہ نور شاہ قبرستان کے عقب میں لاکھوں روپے بجٹ خرچ کرکے پمپنگ اسٹیشن تعمیر کیا گیا مگر آج تک اس کا افتتاح نہیں ہوا ۔مواچھ گوٹھ کے علاقوں میں فی الفور لائنوں کے ذریعے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔

پاسبان لیاری کے سینئر رہنما عابد حسین بلوچ نے بتایا کہ شاہ بیگ لین لیاری ، بغدادی اور ملحقہ علاقوں میں پانی کی لائنوں کا مسئلہ حل کرنے کے بجائے گلیوں کی تعمیرات پر بجٹ ضائع کیاجارہا ہے ۔ پہلے پانی کی قلت کا مسئلہ حل کیا جائے پھر گلیوں کی تعمیر کا کام کیا جائے ۔ پاسبان لیاری ٹاؤن کے آرگنائزر اکرم آگریا اور رہنما محمد ایوب نے بتایا کہ یوسی ملت نگر رنچھوڑ لائن ، جناح آباد، لیمارکیٹ، بھیم پورہ اور صدر کے مختلف علاقوں میں پانی کی بد ترین قلت کا سلسلہ جاری ہے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ۔

پاسبان اورنگی ٹاؤن کے صدر شوکت اﷲ نے بتایا کہ اورنگی میں کئی دنوں بعد چند گھنٹوں کیلئے پانی سپلائی کیا جاتا ہے ، مگر اس وقت بجلی نہیں ہوتی اور اورنگی کے عوام کو پانی کیلئے 15دن یا مہینہ انتظار کرنا پڑتا ہے ۔ روزانہ چند گھنٹوں پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔ پاسبان جمشید روڈ کے رہنما محمد اقبال نے آگاہ کیا گرومندر موٹو مل کمپاؤنڈ میں 6ماہ سے پانی کی قلت ہے علاقہ ایکسیئن کو آگاہ کرنے کے باوجود مسئلہ حل نہیں کیا جارہا ۔ پاسبان رہنماؤں نے کہا کہ پانی کی قلت کا شکار علاقوں میں پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں حکومت اور واٹر بورڈ انتظامیہ اپنی نااہلی کو تسلیم کرے اور عوام کو قلت آب کے عذاب سے نجات دلائے۔

متعلقہ عنوان :