اوپن یونیورسٹی کے 7لاکھ طلبہ کو کتابوں کی ترسیل کا کام آخری مراحل میں داخل

جمعرات 16 جون 2016 15:33

اسلام آباد ۔ 16 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 جون۔2016ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹر بہار 2016ء میں داخل 7لاکھ طلبہ کو کتابوں کی ترسیل کا کام آخری مراحل میں ہے اور اب تک 90 فیصد کام مکمل کیا جاچکا ہے۔ میٹرک ‘ بی اے ‘ پی ٹی سی ‘ سی ٹی اور بی ایڈ کے طلبہ کو کتابوں کی ترسیل کا 100۔فیصد کام مکمل کیا جاچکا ہے جبکہ پوسٹ گریجویٹ پروگرامز کے طلبہ کو درسی کتب کی ترسیل کا کام تیزی سے جاری ہے اور امید ہے کہ ترسیل کتب کا کام جون کے آخری ہفتے تک مکمل کرلیا جائے گا۔

سمسٹر بہار 2016ء میں ریکارڈ داخلے ہوئے ہیں اور ترسیل کتب کا کام بروقت مکمل کرنا ایک بڑا چیلنج تھا لیکن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ‘ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کتابوں کی ترسیل کے مراحل کو جون کے آخری ہفتے تک مکمل کرنے کی واضح ہدایات دی تھیں اور ایک ٹائم فریم دیا تھا۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر کی خصوصی ہدایت پر کتابوں کی ترسیل کا عمل تیز کردیا گیا تھا اور میلنگ سیکشن کے کارکن 2۔

شفٹوں میں صبح 8۔بجے سے شام 7۔بجے تک اس کام میں مصروف رہتے ہیں ۔جون کے اختتام تک کتابوں کی ترسیل کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔ علاوہ ازیں کتابوں کی ترسیل کے مراحل کی معلومات کے لئے "کمپیوٹرائزڈ ٹریکنگ نظام" بھی شروع کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں یونیورسٹی نے ایک نئی ویب سائٹ mailing.aiou.edu.pk بھی متعارف کرادی ہے۔داخلوں کے امیدوار اس نئی ویب سائٹ کے ذریعہ آسانی سے میل بکس میں اپنا رول نمبر یا داخلہ فیس کا چالان نمبر درج کرکے یونیورسٹی کی جانب سے انہیں ارسال کی جانے والی درسی کتابوں کے ترسیلی مراحل کے بارے میں تفصیلات معلوم کرسکتے ہیں۔

درسی کتابوں کی ترسیل میں تاخیر کی صورت میں طلبہ کو نزدیک ترین ڈاکخانے سے رجوع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کتابوں کی ترسیل میں تاخیر کی صورت میں طلبہ یونیورسٹی کی ہیلف لائن کے فون نمبر 051-111-112-468 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔ اس سلسلے میں طلبہ ای میل ایڈریس [email protected]پر بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :