محبوبہ مفتی نے جموں وکشمیر کو ایک جیل خانے میں تبدیل کردیاہے،اشرف صحرائی

جمعرات 16 جون 2016 17:00

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 جون ۔2016ء) مقبوضہ کشمیرمیں حریت رہنماء اور تحریک حریت جموں وکشمیر کے جنرل سیکریٹری محمد اشرف صحرائی نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ کٹھ پتلی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے جموں وکشمیر کو ایک جیل خانے میں تبدیل کررکھا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد اشرف صحرائی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں پارٹی رہنماء محمد یوسف لون کی کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جیل منتقلی ، منظور احمد گنائی اورنذیر احمد مانتوکی بلا جواز گرفتاری کی شدید مذمت کی ۔

انہوں نے کہاکہ محبوبہ مفتی اقتدار کی کرسی پر براجمان ہوتے ہی جیلوں کے دروازے کھول کر جموں کشمیر کو شہر خموشاں بنانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔انہوں نے کہاکہ آزادی پسند رہنماء اور کارکن کی گرفتاریوں کاسلسلہ جاری ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ غیر قانونی طورپر نظربند رہنماء امیر حمزہ شاہ، میر حفیظ اللہ، مفتی عبدالاحد، محمد امین پرے، عبدالحمید پرے اوردیگر کئی مہینوں سے جیل کی صعوبتیں برداشت کررہے ہیں۔

اشرف صحرائی نے کہا کہ جموں و کشمیر بھارت کا حصہ نہیں ہے، بلکہ یہ بات اظہر من الشمس ہے کہ بھارت نے کشمیریوں کی خواہشات کے برخلاف فوجی طاقت کے بل پر غیر قانونی طورپر کشمیر پرتسلط قائم کر کے رکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ی عوام نے ہر دور میں بھارت کی غلامی اور جبری قبضے کے خلاف آواز بلند کی ہے۔ تاہم انہوں نے شیخ محمد عبداللہ، میر قاسم، جی ایم صادق، بخشی غلام محمد، غلام محمد شاہ، فاروق عبداللہ، عمر عبداللہ، مفتی محمد سعید اور محبوبہ مفتی کے روپ میں بھارت کے آلہ کاروں نے اپنے اقتدار کو دوام بخشنے اور دلی کی خوشنودی کے لیے کشمیری عوام اور آزادی پسند قیادت کی جدوجہد آزادی کو کمزور کرنے کیلئے کام کیا ۔

انہوں نے کہاکہ محبوبہ مفتی بھی آر ایس ایس کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے جموں کشمیر کو ہول سیل میں فروخت کرنے کا فیصلہ کرچکی ہے اور اسی لیے فوجیوں اور پنڈتوں کیلئے علیحدہ کالونیوں کی تعمیر اور انڈسٹریل پالیسی کے ذریعے کشمیر کے اصل باشندوں کو بے دخل کرنے کے منصوبوں پر عمل کیا جارہا ہے اور ان ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف اٹھنے والی آواز کوطاقت کے بل خاموش کرایا جارہا ہے ۔

اشرف صحرائی نے کہا کہ کشمیری عوام ایک خطرناک دور سے گُزور رہے ہیں،اگر اب بھی بھارتی حکمرانوں اور بھارت نواز سیاست دانوں کے ان گھناوٴنے منصوبوں اور عزائم کوناکام نہیں بنایاگیا تو وہ وقت دور نہیں جب کشمیر ی اپنی ہی سرزمین سے بے دخل ہوکر پناہ گزینوں کی زندگی گزارنے پر مجبور ہوں گے ۔حریت رہنمانے تمام نظربندوں کی فوری رہائی پر زور دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :