کمشنرمیرپورکی ہدایت پر شہر کے مختلف سیکٹروں میں ناجائز تجاوزات ہٹانے کیلئے گرینڈ آپریشن

ہفتہ 18 جون 2016 14:49

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 جون ۔2016ء) کمشنرمیرپورڈویژن راجہ امجدپرویز علی خان کی ہدایت پرمیرپورشہرکے مختلف سیکٹروں میں ناجائز تجاوزات ہٹانے کے لیے گرینڈ آپریشن کیاگیا۔ اپریشن کی قیادت ٹاسک فورس کے چیئرمین ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل چوہدری حق نوازکررہے تھے جبکہ اپریشن میں ٹاسک فورس کے ممبر ان ایڈیشنل ایس پی مرزازاہد حسین، چیف آفیسر بلدیہ چوہدری محمدیاسین، ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ ایم ڈی اے راجہ فاروق اکرم کے ہمراہ پولیس ، میونسپل کارپوریشن کاعملہ بھی موجود تھا۔

(جاری ہے)

ٹاسک فورس نے علامہ اقبال رود، نانگی بازار، پیراشاہ غازی مارکیٹ، فاضل چوک اور چوک شہیداں میں روڈسائیڈ اور فٹ پاتھ پرکی گئی تجاوزات جن میں تھڑے اور شیڈ وغیرہ شامل تھے کو ہٹادیااور دوکانداروں کوہدایت کی کہ وہ آئندہ اپنی دوکانوں کے باہرتھڑے وغیرہ نہیں لگائیں گے اور نہ ہی فٹ پاتھوں پرکوئی اشیاء رکھ کرفروخت کریں گے۔ اگر آئندہ کسی نے ناجائز تجاوزات کی تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی اورمفاد عامہ کی جگہ پر رکھے گئے سامان کوضبط کرلیاجائے گااور جرمانوں سمیت گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جائیں گی۔