امسال کپاس کا پیداواری ہدف باآسانی حاصل کریں گے ،حسین سردار

ہفتہ 18 جون 2016 16:13

راولپنڈی۔18 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 جون ۔2016ء) ایڈیشنل سیکرٹری زراعت پنجاب حسین سردار نے کہا ہے کہصوبہ پنجاب میں امسال کپاس کے زیرکاشت رقبہ سے9.5ملین گانٹھ پیداوار کے حصول کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور کپاس کی پیداواری ٹیکنالوجی کے بارے میں محکمہ زراعت کا تمام فیلڈ عملہ شب و روز کاشتکاروں کی رہنمائی میں اپنا کردار ادا کرے گا جس سے کپاس کے پیداواری ہدف کو باآسانی حاصل کیا جاسکے گا۔

ایڈیشنل سیکرٹری زراعت پنجاب نے بتایا کہ کپاس کے موجودہ بحران کو حل کرنے کیلئے کاٹن سیڈ ریفارم پراجیکٹ کا آغاز کیا جارہا ہے جس کے تحت آئندہ مالی سال کے دوران 3 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ حکومت نے زرعی مسائل کے حل کیلئے پنجاب ایگریکلچرل کمیشن کے قیام کی منظوری دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے کاشتکاروں کو جدید زرعی مشینری کی فراہمی کیلئے ایک ارب 80کروڑ مختص کیے ہیں جس کے تحت صوبہ بھر میں سروس سنٹر بنائے جائیں گے جہاں پر ٹریکٹر ،لیزر لینڈ لیولر، ہارویسٹر، بلڈوزر جیسی جدید اور بھاری مشینری اور دوسرے زرعی آلات دستیاب ہوں گے۔

حکومت کے اس اقدام سے 53ہزار ایکڑ اراضی کو قابل کاشت بنایا جائے گااور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ کپاس کے کاشتکاروں کو موسمی تبدیلیوں اور فصل کی بہتر مینجمنٹ اور پیداواری ٹیکنالوجی کے متعلق آگاہی کے لیے ریڈیو، ٹی وی اور پرنٹ میڈیا کے ذریعے بھرپور مہم کا آغاز بھی کیا گیا ہے۔