دکھی انسانیت کی جذبے کیساتھ بے لوث خدمت،ڈی ایچ کیو ہسپتال شیخوپورہ کے ڈاکٹر عدنان قیصر کو 5 لاکھ روپے انعام

Mohammad Ali IPA محمد علی پیر 20 جون 2016 19:03

لاہور(اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی 20جون۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ خلق خدا کی خدمت ایک عبادت سے کم نہیں اورڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال شیخوپورہ کے کنسلٹنٹ فزیشن ڈاکٹر عدنان قیصر نے مریضوں کے علاج کیلئے صحیح معنوں میں مسیحا بن کر ایک قابل تقلید مثال قائم کی ہے جس پر میں انہیں اپنی اور پنجاب حکومت کی طرف سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

وزیراعلیٰ نے دکھی انسانیت کی جذبے کے ساتھ بے لوث خدمت کرنے پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال شیخوپورہ کے کنسلٹنٹ فزیشن ڈاکٹر عدنان قیصر ملک کو 5 لاکھ روپے نقد انعام دینے کا اعلان کیااور فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کرنے پرڈاکٹر عدنان قیصر کو تعریفی سند بھی دی ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہگزشتہ روزمیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال شیخوپورہ کا اچانک دورہ کیا اوراس دورے کے دوران ہر مریض نے اس فرشتہ صفت ڈاکٹر عدنان قیصر کی مسیحائی کی دل سے تعریف کی ، ڈاکٹر عدنان قیصر جیسے مسیحا ہمارے سروں کے تاج ہیں۔

(جاری ہے)

دکھی انسانیت کی جذبے کے ساتھ بے لوث خدمت کرنے والے ڈاکٹرز کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ ہسپتال میں مریضوں کی دیکھ بھال میں مصروف ڈاکٹر عدنان قیصر کو دیکھ کر میرا دل بہت مطمئن اور خوش ہوااور پاکستان میں ایسے بے شمار ڈاکٹرز ہیں جن کے دل میں دکھی انسانیت کی خدمت کا جذبہ موجزن ہے۔دکھی انسانیت کی مثالی اور بے لوث خدمت کرنے والے ڈاکٹروں کی ہر سطح پر بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

وہ آج ویڈیولنک کے ذریعے ایک اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس میں ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی سہولتوں کو بہتر بنانے خصوصاً ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال شیخو پورہ کے دورے کے حوالے سے سامنے آنے والے امور کاتفصیلی جائزہ لیاگیا ۔وزیراعلیٰ نے اس ضمن میں متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہہسپتالوں کو مریضوں کیلئے حقیقی معنوں میں شفاخانے بنانے کیلئے مل کرمشترکہ اقدامات کرنا ہیں اور ادویات کی بروقت خریداری، فراہمی اور مریضوں کو دستیابی یقینی بنانا ہوگی۔

سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریض بھی انسان ہیں، ان کیلئے اے سی درست حالت میں ہونے چاہئیں۔ افسر تو ٹھنڈے کمرے میں بیٹھیں اورقیامت خیز گرمی میں مریضوں کیلئے اے سی نہ چلیں، یہ مجھے کسی صورت قابل قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کیلئے اربوں روپے کے وسائل فراہم کئے گئے ہیں، ان کا ضیاع کسی صورت برداشت نہیں کروں گا۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ڈی سی اوزڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں کے روزانہ دورے کریں اور کمشنرز صاحبان بھی ہفتے میں ایک بار ہسپتالوں کا دورہ کریں ۔ کمشنرز صاحبان اور ڈی سی اوز ہسپتالوں میں طبی سہولتوں و ادویات کی فراہمی، آلات و اے سی کے فنکشنل ہونے اور دیگر معاملات کا جائزہ لے کر ان کے حل کیلئے فوری اقدامات کریں۔وزیراعلیٰ نے اس ضمن میں اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال شیخوپورہ میں ایک دوائی کی عدم دستیابی کے معاملے کی انکوائری کرانے کابھی حکم دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بعض سنگین امراض میں مبتلا مریضوں کو عام وارڈ سے مخصوص وارڈ میں منتقل کرنے کے طریقہ کار پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں اللہ تعالیٰ اور عوام کو جوابدہ ہوں۔ صحت عامہ کے حوالے سے معاملات کو بہتر بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔

صوبے کے عوام کو معیاری صحت کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے دن رات محنت کرنا ہوگی۔ ڈاکٹر عدنان قیصر نے وزیراعلیٰ پنجاب کا بھرپور حوصلہ افزائی پرشکریہ اداکیا اورکہاکہ وہ پہلے سے زیادہ جذبے کے ساتھ دکھی انسانیت کی خدمت کریں گے۔مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ و میڈیکل ایجوکیشن اور متعلقہ حکام ماڈل ٹاؤن، چیف سیکرٹری، کمشنر لاہور ڈویژن، سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ، ڈی جی ہیلتھ پنجاب اور اعلیٰ افسران سول سیکرٹریٹ جبکہ ڈی سی او شیخوپورہ، ای ڈی او ہیلتھ شیخوپورہ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال شیخوپورہ اور کنسلٹنٹ فزیشن ڈاکٹر عدنان قیصر ملک ڈی سی او آفس شیخوپورہ سے ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

متعلقہ عنوان :