نکاسی آب کی بہتری، تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رکھناچاہیے، ڈاکٹر کلیم اﷲ میئر میٹرو پولیٹن کارپوریشن

پیر 20 جون 2016 20:42

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 جون ۔2016ء) میئر میٹروپولیٹن کارپوریشن ڈاکٹر کلیم اﷲ کاکڑ نے کہا ہے کہ نکاسی ء آب کی بہتری، تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رکھنے اور شہر میں جاری صفائی مہم کو مزید بہتر کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے کوئی کوتاہی اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کارپوریشن کی کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر میونسپل کمشنر عبدالطیف کاکڑ، اسحاق مینگل، عبدالحق زہری، عبدالحق اچکزئی، حافظ لیاقت، عمرانہ ملک، دلاور خان کاکڑ ودیگر حکام موجود تھے۔ میئر کوئٹہ نے ہدایت کی کہ نکاسی آب کے بہاؤ میں رکاوٹ بننے والے تجاوزات کو فی الفور ہٹایا جائے تاکہ نکاسی آب کے نظام میں بہتری آسکے۔

(جاری ہے)

سڑک کنارے بنے تھڑوں اور تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رکھا جائے۔

اس کے علاوہ مسلسل قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں اور صفائی نہ کرنے پر جرمانہ عائد کرنے کی بھی ہدایت کی جبکہ اس موقع پر ڈاکٹر کلیم اﷲ شہر میں جاری صفائی مہم میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ مہم کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کرکے جاری صفائی مہم کو جلد سے جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ اس موقع پر میئر کوئٹہ کو بتایا گیا کہ پانچ زونز میں سے چار زونز میں صفائی مہم مکمل ہوگئی ہے جبکہ زون 1میں ابھی تک کام جاری ہے۔

اور جلد ہی اس زون میں بھی کام اختتام پذیر ہوجائے گا۔ اجلا س میں میئر کوئٹہ ڈاکٹر کلیم اﷲ کاکڑ نے تمام شعبوں کے سربراہان سے ان کے شعبوں کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ لی اور ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ شعبوں میں مزید بہتری لائیں تاکہ عوام کو درپیش مشکلات سے متعلق شکایات کا بروقت ازالہ کیا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :