اقوامِ متحدہ میں شہید کشمیری کرکٹر نعیم بٹ کی یاد میں تقریب کا انعقاد

منگل 21 جون 2016 16:59

جنیوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جون ۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں دو ماہ پہلے شہید ہونیوالے کرکٹ کے ابھرتے ہوئے کھلاڑی نعیم بٹ کی یاد میں جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 32ویں اجلاس کے موقع پر ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تقریب کا اہتمام انسانی حقوق کے صدر دفتر میں موتمر عالم اسلامی اور یوتھ فورم فار کشمیر نے مشترکہ طورپر کیاتھا جو کہ کسی کشمیری فردِ واحد کیلئے منعقد کیاجانیوالا پہلا ایونٹ تھا ۔

’بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونیوالے ایک پرعزم نوجوان کھلاڑی کی کہانی ‘ کے عنوان سے تقریب میں یوتھ فورم کے لابسٹ احمد قریشی نے ایک تفصیلی پریزنٹیشن دی ۔ اس دوران نعیم بٹ کے آخری دن کے واقعات پر مبنی تین منٹ دورانیے کی ویڈیو ”کشمیری کرکٹر کے لیے بھارتی گولی“ بھی پیش کی گئی ۔

(جاری ہے)

تقریب کے شرکاء نے 19 سالہ شہید نعیم بٹ جنہیں رواں سال 12اپریل کوشہید کردیا گیا تھا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوے احمد قریشی نے کہا کہ اس ایونٹ کو نعیم بھٹ سے منسوب کرنے کا مقصد، شورش زدہ اور مقبوضہ علاقوں میں تعلیم اور صحت مند سرگرمیوں پر پڑنے والے منفی اثرات کو اجاگر کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت موجودہ دنیا کی واحد قابض طاقت ہے جو اپنے مقبوضہ علاقوں میں طلباء تک کو مظالم کا نشانہ بناتی ہے۔اس موقع پر جنیوا سے تعلق رکھنے والی ایک تنظیم ”اسکیل فار جسٹس“کی صدر ڈینیلہ ڈونگس نے کہاکہ اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کے قتل اور بھارتی فوج کے ہاتھوں نعیم بھٹ کے قتل میں بے پناہ مماثلت پائی گئی۔اس تاریخ ساز تقریب کی صدارت کشمیری رہنماؤں سید فیض نقشبندی اور اشتیاق حمید نے کی۔

متعلقہ عنوان :