چیئرمین پی آئی ٹی بی ڈاکٹر عمر سیف گلوبل انٹرپریونرشپ کانفرنس2016 میں شرکت کے لئے امریکہ روانہ

کانفرنس کل شروع ہو گی ،ڈاکٹر عمر سیف پاکستان کی نمائندگی کرینگے،کانفرنس سے امریکی صدر اوبامہ بھی خطاب کریں گے

منگل 21 جون 2016 20:42

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جون ۔2016ء) پنجاب آئی ٹی بورڈوانفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی لاہور کے سربراہ ڈاکٹر عمر سیف گلوبل انٹرپریونرشپ سمٹ2016ء میں شرکت کے لئے امریکہ روانہ ہوگئے ہیں۔ اس کانفرنس میں انہیں وائٹ ہاؤس امریکہ کی جانب سے دعوت دی گئی ہے اور امریکی صدر بارک اوبامہ بھی خطاب کریں گے۔کانفرنس آج(22جون)تا24جون سٹینفورڈ یونیورسٹی ، سیلیکون ویلی، کیلیفورنیا میں منعقد ہوگی جس میں پہلی دفعہ پاکستان کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے اورڈاکٹر عمر سیف پاکستان کی نمائندگی کریں گے ۔

پی آئی ٹی بی کے ترجمان نے کہاہے کہ وائٹ ہاؤس سے موصول ہونے والے مراسلہ کے مطابق کانفرنس میں دنیا کے ان چند منتخب ممالک کو دعوت دی گئی ہے جنہوں نے انٹرپریونرشپ کے فروغ کے لئے شاندار کام کیا ہے اور مستقبل کے لئے اس سمت میں ٹھوس لائحہ ء عمل اختیار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عمر سیف نے انٹرپریونرشپ کے فروغ کے لئے پاکستان کا سب سے بڑا اور پہلاانکیوبیٹر ’پلان9‘متعارف کرایا جو اب تک ایک سو سے زائد سٹارٹ اپ کمپنیاں تیار کر چکا ہے اوردیگر تعلیمی اداروں اور یونیورسٹیوں کو بھی معاونت فراہم کررہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس کے ساتھ پلانXاور ٹیک ہب کنیکٹ بھی انٹرپریونرشپ کے فروغ، نئے کاروباری افراد کی تربیت اورملک میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔