دنیا میں سیاسی صورتحال تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے، ڈاکٹر محمد امجد

حکمران موثر خارجہ پالیسی بنانے کی بجائے اپوزیشن سے الجھے ہوئے ہیں،پارٹی رہنماؤں سے گفتگو

منگل 21 جون 2016 22:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جون ۔2016ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ دنیا میں سیاسی صورتحال تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے۔نئے اتحاد قائم ہورہے ہیں جن کے پاکستان پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے ۔حکمران موثر خارجہ پالیسی بنانے کی بجائے اپوزیشن سے الجھے ہوئے ہیں۔اس نازک وقت میں وزیراعظم ملک سے باہرہیں جبکہ وزیرخارجہ کی سیٹ ہی خالی ہے۔

ن لیگی حکمران آنے والی نسلوں کو کیسا پاکستان دینا چاہتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پارٹی کے مرکزی دفتر میں آئے پارٹی راہنماؤں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف امریکی جھکاؤ، بھارت ،افغانستان اور ایران اتحاد ،پاک بھارت تعلقات اور اس جیسی دیگر بین الاقوامی سیاسی صورتحال میں تیزی سے تبدیلی آ رہی ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کے مستقبل پر اس طرح کی پیش رفت کے گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔ایسے میں ہمیں ایک واضح اور موثر پالیسی کی ضرورت ہے جس کے تحت ہم اپنا مستقبل محفوظ بناسکیں مگر حکومت اپنے رویے سے ظاہر کررہی ہے کہ اسے اس سے کوئی غرض نہیں۔حکومت صرف اپوزیشن سے الجھنا اپنا فرض سمجھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پر یہ انتہائی نازک وقت ہے مگر افسوس کہ اس وقت وزیراعظم ملک میں موجود ہی نہیں ۔وہ باہر بیٹھ کر ٹیلی فون پر ملک چلا رہے ہیں جبکہ وزارت خارجہ جیسی اہم ترین وزارت ابھی تک وزیرسے محروم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ بات سمجھ سے بالا ہے کہ حکمران ملک کو کس طرف لے کر جانا چاہتے ہیں۔ملک اندرونی اور بیرونی مسائل میں جکڑا ہوا ہے اور حکمرانوں کو پرواہ تک نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :