ایم کیو ایم کے 15رکنی وفد کی ڈاکٹر فاروق ستار کی قیادت میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات،کراچی،حیدر آباد اور دیگر شہروں میں بنیادی انفراسٹرکچر کے فروغ سے متعلق معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا

منگل 21 جون 2016 23:27

اسلام آباد ۔ 21 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 جون ۔2016ء) ایم کیو ایم کے 15رکنی وفد نے ڈاکٹر فاروق ستار کی قیادت میں منگل کو یہاں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی اور کراچی ۔ حیدر آباد اور دیگر شہروں میں بنیادی انفراسٹرکچر کے فروغ سے متعلق معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیالات کیا ۔

(جاری ہے)

وفد نے بالخصوص آب رسانی اور ذرائع رسل و رسائل کی ترقی و ترویج پر زور دیا ۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ وفاقی حکومت بلا تفریق پورے ملک میں ترقیاتی کاموں کے لئے فنڈکی فراہمی پر یقین رکھتی ہے اور دوسرے صوبوں کی طرح سندھ میں بھی ترقیاتی منصوبہ جات کی مکمل حوصلہ افزائی کی جائے گی ۔ملاقات میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان خان اور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق بھی موجود تھے ۔