پاکستان اور ایران میں دوستانہ روابط کومزید فروغ دے کر صنعتی و تجارتی سرگرمیوں میں خاطرخواہ اضافہ کیا جائے گا ٗایرانی سفیر

ر دونوں ملکوں میں تیل اور گیس کے منصوبے کی تکمیل کے ساتھ ساتھ توانائی کے شعبے میں بھی کئی منصوبے شروع کئے جائیں گے ٗ مہدی ہنردوست

جمعرات جون 21:51

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 جون ۔2016ء) پاکستان میں ایران کے سفیرمہدی ہنردوست نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران میں گہرے برادرانہ اور دوستانہ روابط کومزید فروغ دے کر صنعتی و تجارتی سرگرمیوں میں خاطرخواہ اضافہ کیا جائے گا اور دونوں ملکوں میں تیل اور گیس کے منصوبے کی تکمیل کے ساتھ ساتھ توانائی کے شعبے میں بھی کئی منصوبے شروع کئے جائیں گے جس سے کاروبار اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو ں گے اور تاجروں و صنعتکاروں کو سرمایہ کاری کا سازگار ماحول میسر آئے گا۔

انہوں نے یہ بات پاک ایران جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ تقریب میں پاک ایران چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ولی محمد، نائب صدر خورشید برلاس، چیئرمین ٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی ایس ایم منیر، سارک چیمبر کے نائب صدر افتخار احمد ملک،میئر اسلام آباد ،صدرفیڈریشن آف چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عبدالروف عالم،شریں ارشد، ظفر بختاوری ، فہد برلاس، کاشف ظہیر،ایوان صنعت و تجارت راولپنڈی کے عہدیداروں،متعدد ملکوں کے سفیروں، سفارتی عملے، تاجرتنظیموں کے رہنماوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ایرانی سفیر نے کہا کہ پاکستان ایران کا اہم ٹریڈنگ پارٹنر ہے اور ہماری یہ دلی خواہش اور کوشش ہے کہ دونوں ملکوں میں موجودہ تجارتی حجم میں اضافہ کیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ تاجربرداری کو باہمی تجارت کے لئے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ باہمی دوستی اور تعاون کو فروغ دے کر نوجوان نسل کی زندگی میں بہتری لائی جاسکتی ہے انہوں نے اس موقع پر توانائی کے منصوبوں کا بھی خصوصی طورپر ذکر کیا ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک ایران چیمبر آف کامرس و انڈسٹری کے صدر ولی محمد نے کہا کہ پاکستان اور ایران میں تجارتی کے وسیع مواقع موجود ہیں اور جوائنٹ چیمبر کے قیام کا مقصد تاجروں کے لئے زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا اور باہمی تعاون کو ہر سطح پر فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس مقصد کے لئے جلد تاجروں کا وفد ایران کا دورہ کرے گا۔

پاک ایران جوائنٹ چیمبر آف کامرس کے نائب صدر خورشید برلاس نے کہا کہ ریجنل ٹریڈ میں اضافے سے پاکستان جنوب اشیاء کے تمام ملکوں سے اقتصادی اور تجارتی روابط کو وسعت دے سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ایران اور پاکستان گہرے برادرانہ رشتوں میں بندھے ہیں اور جوائنٹ چیمبر دو طرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے میں نئی تاریخ رقم کرے گا۔ تقریب سے ایس ایم منیر ، افتخار احمد ملک ، عبدالروف عالم اور شریں ارشد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران میں باہمی تجارت دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے اور ان معاشی ثمرات کو عوام تک پہنچایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تہران میں سنگل کنٹری نمائش منعقد کی جائے گی جس میں دونوں ملکوں کی مصنوعات رکھی جائیں گی۔ اس سے قبل تقریب کے آغاز پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔