نمازجمعتہ الوداع اور ریلی یوم القدس کے موقع پر ٹریفک انتظامات مکمل

جمعرات 30 جون 2016 16:47

لاہور۔30 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 جون۔2016ء) چیف ٹریفک آفیسرلاہورطیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ جمعتہ الوداع کے موقع پرجمعہ کی نمازکے اجتماعات اور ریلی یوم القدس کے سلسلے میں ٹریفک انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں،بعد نماز جمعہ اسلام پورہ سے فیصل چوک تک منعقد ریلی سمیت شہر کی مصروف اور اہم شاہراہوں پر واقع مساجد کے ارد گرد ٹریفک کی روانی اور نمازیوں کو پارکنگ کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے 02ایس پیز کی نگرانی میں12 ڈی ایس پیز،106 انسپکٹرز،40 پٹرولنگ آفیسرز اور1928 ٹریفک وارڈنز کی نفری تعینات کی گئی ہے۔

شہری کسی بھی مدد کیلئے سٹی ٹریفک ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ سی ٹی او نے کہا کہ جمعتہ الوداع کے موقع پر مساجدمیں شہریوں کی تعداد معمول سے زیادہ ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

شہر کی اہم مساجد کے باہر نمازیوں کو پارکنگ کی سہولت مہیا کرنے کے لیے عارضی پارکنگ بھی بنائی گئی ہیں تاکہ آنے والے نمازیوں کو کسی قسم کی دشواری نہ ہو ۔ انہوں نے وارڈنز کو ہدایت کی کہ صبروتحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دورانِ ڈیوٹی اپنا رویہ نہایت مہذب اور شائستہ رکھیں۔

لاوارث اشیاء اور مشکوک افرادپر بھی کڑی نظر رکھتے ہوئے ٹریفک کنٹرول روم سے رابطہ میں رہیں۔طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ وارڈنز جمعتہ الوداع کے موقع پر اپنی ڈیوٹی احسن طریقے سے سرانجام دیں تاکہ شہریوں کو جمعتہ الوداع کے موقعہ پر پریشانی کا سامنا نہ ہو۔

متعلقہ عنوان :