وینزویلا کی سینکڑوں خواتین بغیر ویزہ ہمسایہ ملک کولمبیا میں داخل،خریداری کی

500 خواتین اپنے شہر یورینا کا بارڈر کراس کرتے ہوئے کولمبیا کے شہر کوکوتا میں داخل ہوئیں،حکام

ہفتہ 9 جولائی 2016 12:48

کراکس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 جولائی ۔2016ء) وینز ویلا کی سینکڑوں خواتین اپنے ملک کے خراب معاشی حالات سے تنگ آ کر ہمسایہ ملک کولمبیا میں جا گھسیں، لیکن ان کا مقصد کوئی تخریب کاری نہ تھا بلکہ یہ سرحد پار خریداری کرنے گئی تھیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق کولمیبا کے حکام نے بتایا کہ وینزویلا کی تقریباً 500 خواتین اپنے شہر یورینا کا بارڈر کراس کرتے ہوئے کولمبیا کے شہر کوکوتا میں داخل ہوگئیں۔

ان خواتین نے واٹس ایپ کے ذریعے ایک دوسرے کے ساتھ رابطہ کیا اور دونوں شہروں کو ملانے والے پل پر جمع ہوگئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے گھروں میں کھانے کو کچھ نہیں اور ان کے بچے بھوک سے بلک رہے ہیں۔یہ خواتین اپنے ملک کی سرحد کو عبور کرتے ہوئے کولمبیا میں داخل ہوئیں جہاں ان کا مقصد صرف کچھ بنیادی اشیائے ضرورت کی خریداری تھا۔

(جاری ہے)

سرحد پار کرنے کے بعد انہوں نے آٹا، کوکنگ آئل، کارن فلور، چاول اور چینی جیسی چیزیں خریدیں اور پھر واپس آ گئیں۔

دونوں ممالک کے ایکسچینج ریٹ کی وجہ سے خواتین کو کولمبیا میں یہ اشیاء 10 گنا زیادہ قیمت پر ملیں۔ رپورٹ کے مطابق خریداری کرنے کے بعد خواتین وینز ویلا کا قومی ترانہ پڑھتے ہوئے واپس اپنے ملک کی طرف روانہ ہوئیں۔ انہوں نے سرحد پر موجود کولمبیا کے سرحدی گارڈز کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے انہیں اپنے ملک کی سرحد پار کرکے خریداری کرنے کی اجازت دی