بین الاقوامی شہرت یافتہ معروف سماجی رہنما عبد الستار ایدھی کے انتقال پر ڈاکٹر فاروق ستار کا اظہار تعزیت

ہفتہ 9 جولائی 2016 13:20

کراچی ۔ 9 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 جولائی۔2016ء) متحد ہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنونیئر ڈاکٹر فاروق ستار نے ملکی وبین الاقوامی شہرت یافتہ معروف سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ہفتہ کو جاری کردہ اپنے تعزیتی بیان میں ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ عبدالستار ایدھی ملک کا اثاثہ تھے اور ان کی ملکی اور بین الاقوامی سطح پر فلاحی اور سماجی خدمت کے باعث پاکستان کو دنیا میں جو مقام ملا ہے وہ کوئی اور شخصیات نہیں دلا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عبدالستار ایدھی کی فلاحی اور سماجی خدمات کے اعتراف میں تقریبات منعقد کر کے مرحوم کو زبردست اور بھرپور انداز میں خراج عقیدت پیش کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عبدالستار ایدھی مرحوم نے انسانیت کی بلاتفریق خدمت کا بیڑا اٹھایا اور اسے دنیا بھر میں پھیلایا اس کی وجہ سے دنیا میں پاکستان کا نام روشن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ عبدالستار ایدھی مرحوم کی زندگی انتہائی سادہ تھی اور مرحوم غریب پرور انسان تھے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے عبدالستار ایدھی کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو کروٹ کروٹ جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور سوگوار لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا کرے۔