رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر اظہر جدون سیمختلف یونین کونسلوں کے وفودکی ملاقات ،ایبٹ آباد میں پینے کے پانی کی قلت کا نوٹس

ہفتہ 9 جولائی 2016 16:08

ایبٹ آباد۔ 9 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 جولائی۔2016ء) رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر محمد اظہر خان جدون نے ایبٹ آباد کی مختلف یونین کونسلوں میں پینے کے صاف پانی کی قلت پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایک ہفتہ میں پانی کے ترسیلی نظام میں پائی جانے والی خرابیوں اور انتظامی نااہلیوں کی اصلاح کر یں ۔

ڈاکٹر اظہر نے بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ایک سے زیادہ حکومتی اداروں کی کارکردگی پر نکتہ چینی کی اور کہا کہ ادارے آپس میں روابط قائم کرکے عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ایک دوسرے سے تعاون کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف یونین کونسلوں سے آئے وفود سے ملاقات کے دوران کیا ۔اس موقع پر وفود نے رکن قومی اسمبلی کو اپنے اپنے علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

یونین کونسل کیہال سے نمائندہ وفد کی قیادت کرنے والے جنرل کونسلر محمد فرید ستی نے کی۔ ڈاکٹر اظہر جدون نے وفود کو یقین دلایا کہ اگر کیہال میں پینے کے پانی کا مسئلہ حل نہ کیا گیا تو وہ اہل علاقہ کے ہمراہ بھرپور احتجاج کریں گے۔انہوں نے ایبٹ آباد میں پینے کے پانی کی فراہمی کے نظام کا ازسرنو جائزہ لینے، مختلف یونین کونسلوں میں آبادی کے تناسب سے پانی کی فراہمی بالخصوص سیاحتی مقامات پر پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

اس موقع پرسی اینڈ ڈبلیو ٹھیکیدار برادری کے ایک نمائندہ وفد نے بھی ڈاکٹر اظہر جدون سے ملاقات کی جس کی قیات صدر فریدون خان کر رہے تھے۔ وفد نے رکن قومی اسمبلی کو بتایا کہ ماہ جون اور عیدالفطر ہونے کے باوجود ٹھیکیدار برادری کو بلوں کی ادائیگی نہ ہونے سے معاشی مشکلات پیدا ہوئی ہیں جن کی وجہ سے محنت کشوں کو تنخواہوں کی ادائیگی نہیں ہو سکی۔

ڈاکٹراظہر نے وفد کو مسائل کے حل کیلئے متعلقہ حکام سے بات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ آل پاکستان کلاس فور ایسوسی ایشن کے مرکزی سیکرٹری جنرل ہارون خان جدون کی قیادت میں وفد نے ڈاکٹراظہر سے ملاقات کے دوران کلاس فور ملازمین کے ٹائم سکیل کا معاملہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے نوٹس میں لانے اور حل کرنے کیلئے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔ وفد میں سی اینڈ ڈبلیو کے صدر نصر الله بھٹو اور جنگلات کے علی اصغر خان جدون، ایجوکیشن کے جاوید خان اور دیگر محکموں کے کلاس فور ملازمین موجود تھے۔