عبدالستار ایدھی کا کوئی نعم البدل نہیں ہوسکتا، قوم نے وہ بیٹا کھویا جس نے آخری سانس تک بس دیا ہی دیاہے، لیا کچھ نہیں،عظیم انسان کی رحلت سے ناقابل بیان دکھ ہوا

آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین پرویز مشرف اور سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد کا مشترکہ بیان

ہفتہ 9 جولائی 2016 22:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔9 جولائی- 2016ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین سابق صدر جنرل (ر)پرویز مشرف اور سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ عبدالستار ایدھی کا کوئی نعم البدل نہیں ہوسکتا، قوم نے وہ بیٹا کھویاہے جس نے آخری سانس تک بس دیا ہی دیاہے، لیا کچھ نہیں،عظیم انسان کی رحلت سے ناقابل بیان دکھ ہوا،اللہ مرحوم کے درجات بلند اورقوم کو یہ عظیم صدمہ سہنے کی ہمت عطا فرمائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو اپنے جاری کئے گئے مشترکہ بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عبدالستار ایدھی کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا صدیوں میں بھی پر نہیں ہوسکتا۔ان جیسا عظیم آدمی کوئی دوسرا نہیں ہو سکتا۔انہوں نے صرف غرباء کو ہی نہیں بلکہ ہر کسی کو دیا ہے۔آج قوم نے وہ عظیم بیٹا کھویا ہے جس نے صرف اور صرف دینا ہی سیکھا،لینا نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عبدالستار ایدھی کی وفات سے ہونے والا دکھ بیان کرنے کے لئے الفاظ نہیں ملتے۔ ایدھی کے پسماندگان میں پوری قوم شامل ہے۔اللہ مرحوم کے درجات بلند کرے اور قوم کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور حوصلہ عطا فرمائے۔