Live Updates

ہم جیکب آباد میں تحریک انصاف کے ورکرز اور ضمنی الیکشن کے امیدوار کے ساتھ ہونے والے ظلم اور ان کیخلاف جھوٹی ایف آئی آر درج ہونے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی کی پریس کانفرنس

پیر 11 جولائی 2016 21:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 جولائی ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہم جیکب آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے ورکرز اور ضمنی الیکشن کے امیدوار کے ساتھ ہونے والے ظلم اور ان کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر درج ہونے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، پیپلز پارٹی کے رہنما اعجازجاکھرانی جیکب آباد کو بادشاہت کی طرح نہیں چلا سکتے۔

ہم حکومت سند ھ اور الیکشن کمیشن سندھ سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ ان انتقامی کاروائیوں کا نوٹس لیں۔ اگر PS-14 کے ضمنی انتخابات میں فوج تعینات نہ کی گئی تو حالات خراب ہونے کا خدشہ ہے،وہ پیر کو انصاف ہاؤس نرسری کراچی میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے،س موقع پر ان کے ہمراہ تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ، دیوان سچل، سبحان علی ساحل، راجہ اظہر خان، نصرت واحد اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ سندھ اور خصوصاً کراچی میں تیز بارشوں اور سیلاب کی وارننگ جاری کردی گئی ہے اس سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کراچی کے مرکز’’ انصاف ہاؤس ‘‘ کو کراچی اور سندھ کے لئے ریلیف سینٹر بنائیں گے جہاں کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں امدادی سامان مہیا کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں پانی کی قلت کے ساتھ ساتھ غیر منصفانہ تقسیم بھی ہو رہی ہے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے پیسے اور سیاسی مداخلت کی بنیاد پر غیر قانونی کنکشن دئے ہوئے ہیں ۔

کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے چیئرمین اگر اس مسئلے کو حل نہیں کر سکتے تو فوری طور پر استعفیٰ دیں ۔اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا کہ گزشتہ دنوں چند گھنٹوں کی بارش نے حکومت کی بے حسی کا پول کھول دیا تھا۔ اگر بر وقت ٹھوس اقدامات کئے جاتے تو کراچی کی سڑکیں تالاب کا منظر پیش نہ کرتیں۔ لہذا حکومت کو چاہئے کہ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کو مد نظر رکھتے ہوئے مناسب اقدامات کئے جائیں تو بڑے نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔ حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ اس مسئلے پر پاکستان تحریک انصاف پوری قوم کے ساتھ کھڑی ہے اور پورے سندھ میں پی ٹی آئی کے کارکنان اداروں، عوام اور کمیونٹی کے ساتھ مل کر اس ریلیف آپریشن میں حصہ لیں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات