ایشیائی تیل مارکیٹ میں خام تیل کے نرخوں میں اضافے کا رجحان

منگل 12 جولائی 2016 15:20

سنگاپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 جولائی ۔2016ء) ایشیائی تیل مارکیٹ میں منگل کو خام تیل کے نرخوں میں اضافے کا رجحان رہا تاہم امریکی ڈرلنگ کی سرگرمیوں اور ڈالر کی شرح تبادلہ میں اضافے اور ایران و لیبیا کی خام تیل کی پیداوار میں اضافے کے امکانات کے باعث عالمی سطح پر زائد رسد بارے پائے جانے والے خدشات کی وجہ سے خام تیل کے نرخ تاحال 2 ماہ کی کم ترین سطح پر ہیں۔

(جاری ہے)

امریکا کے ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کے معاہدے 10 سینٹ کے اضافے سے 44.86 ڈالر فی بیرل میں طے پائے جبکہ برینٹ نارتھ سی کروڈ کے آئندہ ماہ ترسیل کے سودے 13 سینٹ کی بہتری سے 46.38 ڈالر فی بیرل میں ہوئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ ماہ خام تیل کے نرخ 52 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئے تھے جوتقریباً 2 سال کی بلند ترین سطح ہے تاہم نائیجیریا اور کینیڈا کی خام تیل کی پیداوار کی بحالی کے باعث ایک مرتبہ پھر خام تیل کے نرخوں میں کمی رونما ہوئی ہے جبکہ ایران خام تیل کی برآمدات دوگنا کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے جو عالمی سطح پر خام تیل کی رسد میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :