یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کا دالوں‘گھی‘ خوردنی تیل اور دیگر اشیاء کی قیمتیں نہ بڑھانے کا اعلان

منگل 12 جولائی 2016 21:41

اسلام آباد ۔ 12 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 جولائی ۔2016ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے مختلف دالوں اور گھی /آئل کے علاوہ مختلف برانڈز کی اشیاء کی قیمتیں نہ بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔ منگل کو یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق دال چنا ، دال مونگ، ماش دھلی ہوئی، دال مسور ، سفید چنا ،کالا چنا ، یوٹیلیٹی گھی، یوٹیلیٹی آئل وغیرہ مارکیٹ کے مقابلے میں سستے داموں دستیاب ہونگے۔

وفاقی حکومت نے رمضان المبارک کے مہینے میں عوام کی سہولت کیلئے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے ذریعے پونے دو ارب کی خصوصی سبسڈی کا اعلان کیا تھا ۔ جو کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر سید گلزار حسین شاہ اور ملازمین کی انتھک محنت اور کوششوں سے عوام تک کامیابی سے پہنچا دیا گیا جس کی وجہ سے اشیاء کی فروخت میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا۔

(جاری ہے)

کارپوریشن کی اشیاء کی فروخت میں اضافہ عوام کے اعتماد کی عکاسی کرتاہے۔

اب رمضان کے بعد بھی وزیر اعظم کے خصوصی احکامات کی وجہ سے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے مختلف اشیاء خوردنوش کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعظم کے اس فیصلے کی وجہ سے یوٹیلیٹی سٹورز پر دال چنا فی کلو 120روپے، دال مونگ دھلی ہوئی فی کلو145روپے،ماش دھلی ہوئی260روپے فی کلو، دال مسور فی کلو 142روپے، سفید چنا فی کلو 115روپے، کالا چنا فی کلو 110روپے ، یوٹیلیٹی گھی فی کلو 112روپے جبکہ یوٹیلیٹی آئل 120روپے فی لیٹر میں دستیاب ہونگی۔

اسکے علاوہ مختلف برانڈز کے 150سے زائد اشیاء کی قیمتوں میں بھی کمی کی گئی ہیں۔ جس میں وائٹل چائے، ہلال فوڈز کے مشروبات، قرشی انڈسٹریز کے مشروبات، سکس بی فوڈز کے مشروبات، مونڈلیزے پاکستان کے مشروبات، شنگریلا فوڈز اور کولگیٹ پامالیوکے پروڈکٹ شامل ہیں۔جس سے ملک کے غریب عوام کو بھرپور فائدہ پہنچے گا۔ حکومت کے فیصلہ کے مطابق یو ایس سی عوام کو معیاری اور سستی اشیاء خوردنوش فراہم کرتی رہے گی۔

متعلقہ عنوان :