وزیر مملکت کیڈ کی وزیراعظم کی تعلیمی ریفارمز کمیٹی کو اساتذہ کی ترقیوں کو کارکردگی کے ساتھ منسلک کرنے کی ہدایت

وزیراعظم اسلام آباد میں تعلیم اور صحت کے شعبہ جات میں اصلاحات اور بہتری پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں ، یہ اہم ذمہ داری مجھے سونپی گئی ہے ، اساتذہ اور اداروں کے سربراہان کی ترقیاں ان کی کارکردگی سے منسلک کرنے سے تعلیمی شعبہ میں بہتری آئے گی ، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا اجلاس سے خطاب

بدھ 3 اگست 2016 22:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔3 اگست ۔2016ء) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے وزیراعظم کی تعلیمی ریفارمز کے حوالہ سے تشکیل دی گئی ٹیم کو ہدایات جاری کیں کہ اساتذہ کی ترقیوں کو کارکردگی کے ساتھ منسلک کیا جائے۔ وہ بدھ کو یہاں ایجوکیشن ریفارمز ٹیم کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف اسلام آباد میں تعلیم اور صحت کے شعبہ جات میں اصلاحات اور بہتری پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں اور یہ اہم ذمہ داری مجھے سونپی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ اور اداروں کے سربراہان کی ترقیاں ان کی کارکردگی سے منسلک کرنے سے تعلیمی شعبہ میں بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ اور سکولوں کے سربراہان کی کارکردگی جانچنے کے لیے عالمی معیار کے مطابق سائنسی بنیادوں پر طریقہ کار وضح کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ریفارمز ٹیم کو ہدایات جاری کیں کہ اساتذہ کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے جدید خطوط پر تربیت کے لیے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سے بھی رہنمائی حاصل کی جائے۔

وزیر مملکت نے زور دیا کہ اساتذہ کی تربیت انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور ہماری توجہ اس اہم معاملہ پر مرکوز ہے کیونکہ بہترین اساتذہ ہی وزیراعظم پاکستان کے تعلیمی انقلاب کے ویڑن کو حقیقت کا روپ دے سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اسکولوں کی کارکردگی کے لحاظ سے درجہ بندی کی جائے گی اور اساتذہ اور عملہ کو بہترین کارکردگی کی اضافی سہولیات مہیا کی جائیں۔

وزیرمملکت نے ایجوکیشن ریفارمز ٹیم کو مزید ہدایت کی کہ اسکولوں کی کارکردگی اور اساتذہ کی تربیت کی ضروریات کا تعین کرنے کے لیے فوری طور پر جائزہ ٹیمیں تشکیل دی جائیں اور اساتذہ کو جدید تکنیکی سہولیات سے آراستہ کیا جائے۔انہوں نے امید کااظہار کیا کہ اس طرح کی مراعات اور تربیت سے اساتذہ بہتر طور پر تعلیمی امور سر انجام دے پائیں گے۔