Live Updates

بیس سالوں سے عمران خان پاکستان کے پسے ہوئے طبقات کے حقوق کی جنگ لڑرہے ہیں‘تحریک انصاف

پی ٹی آئی فرسودہ نظام کی تبدیلی اور کرپشن کے خاتمے تک اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی ، ڈاکٹر کمیونٹی پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ہے اور پی ٹی آئی نے ہمیشہ ڈاکٹر ز کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لئے ہرفورم پر آوازبلند کی ہے ‘ڈاکٹر انصاف فورم سے پارٹی رہنماؤں کا خطاب

بدھ 3 اگست 2016 22:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔3 اگست ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماؤں اسحاق خاکوانی ،ایم این اے شہریار آفریدی ، ایم پی اے شعیب صدیقی اور ولید اقبال نے کہاہے کہ بیس سالوں سے عمران خان پاکستان کے پسے ہوئے طبقات کے حقوق کی جنگ لڑرہے ہیں ،پی ٹی آئی فرسودہ نظام کی تبدیلی اور کرپشن کے خاتمے تک اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی ، ڈاکٹر کمیونٹی پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ہے اور پی ٹی آئی نے ہمیشہ ڈاکٹر ز کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لئے ہرفورم پر آوازبلند کی ہے ، موجودہ حکومت نے ڈاکٹر ز کمیونٹی کا استحصال کیا ہے اور ان کے حقوق سلب کر رکھے ہیں ،موجودہ حکومت تمام تر پالیسیاں عوام دشمنی پر مبنی ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار چیئرمین سیکرٹریٹ میں تحریک انصاف کے مرکزی رہنماوؤں نے انصاف ڈاکٹر فورم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر کمیونٹی مخلوق خداکے لئے مسیحاکا درجہ رکھتے ہیں اور وہ پاکستان کے سفیر ہیں اور اثاثہ ہیں ان کی ہم سب کو قدر کرنی چاہئے کیونکہ یہ دن رات بلا تفریق انسانوں کی خدمت کرتے ہیں، نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں جس طرح نوجوانوں نے پاکستان بناتے وقت قائداعظم کا ساتھ دیا تھا آج بھی اس جذبے کی ضرورت ہے کہ نوجوان پاکستان کو بچانے کے لئے عمران خان کا ساتھ دیں، ڈاکٹر انصاف فورم پنجاب کے صدر ڈاکٹر عباس ، ڈاکٹر محمد ذوالقرنین ، ڈاکٹر عدیل اور ڈاکٹر شیراز نیازی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت کا صحت کا پروگرام انتہائی ناقص ہے نیا صحت پروگرام لایا جائے ، ڈاکٹرزکمیونٹی کااستحصال بندکیا جائے ، حکومت کی سنٹرل انڈکشن پالیسی میں ریکارڈ کرپشن ہے ، ڈاکٹر وں سے ہرہفتے 80 سے 90 گھنٹے کام لیا جا تاہے ، دودو سال تک بغیر تنخواہ کام کرنے پر مجبور ہیں، اس کے مقابلے میں کے پی کے میں ہاؤس آفیسر 50 سے لے کر 65 ہزار تک تنخواہ لے رہا ہے اور کے پی کے میں پی جی آر 3 ہزار سے زیادہ سیٹیں ہیں جبکہ پنجاب تین گنا بڑا ہونے کے باوجود صرف ایک ہزار سیٹ ہے اس سے بڑا ظلم اور کیا ہو سکتا ہے ، ڈاکٹر ز کمیونٹی کے تمام مطالبات پورے کئے جائیں اور ڈاکٹر کمیونٹی کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے ،سیٹوں کو بڑھایا جائے اورسروس اسٹرکیچر دیا جائے تاکہ ڈاکٹر کمیونٹی اپنا فرض منصبی اچھی طرح سے نبھا سکیں، ڈاکٹر ز ورکرز کنونشن میں زرتاج گل ، شیراز چیمہ، محمد مدنی خان اور ڈاکٹر سیمی بخاری نے بھی خطاب کیا اور کنونشن میں صوبے بھرسے کثیر تعداد میں ڈاکٹر زکمیونٹی نے بھرپور شرکت کی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات