ترقیاتی فنڈز قوم کی امانت ہوتے ہیں، شفاف طریقہ سے استعمال کو یقینی بنائیں،گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان

بدھ 3 اگست 2016 22:58

کراچی ۔ 3 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔3 اگست ۔2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ ترقیاتی فنڈز قوم کی امانت ہوتے ہیں جن کے شفاف طریقہ سے استعمال کو یقینی بنایا جائے تاکہ اس کے فوائد عوام تک پہنچ سکیں، تمام متعلقہ اداروں کی اولین ذمہ داری ہے۔گورنر ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈائریکٹر جنرل آڈٹ سندھ اظہر حمید سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری محکموں کی اولین ترجیح ایسے منصوبوں کو اہمیت دینا ہونا چاہئیے جن کے فوائد براہ راست عوام تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ فنڈز کی ریلیز کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ان کے شفاف طریقہ سے استعمال کو یقینی بنانا ضروری ہے تاکہ تمام بنیادی سہولیات عوام کو ان کی دہلیز تک پہنچائی جاسکیں۔

(جاری ہے)

گونرر سندھ نے کہا کہ مالی سال کے اختتامی مہینوں میں فنڈز کے اجراء اور استعمال میں تیزی آنے سے ان کے ناجائز استعمال کا خدشہ ہوتا ہے اس لئے آڈٹ کے محکمہ کو اس جانب بھی توجہ دینا چاہئیے۔

انہوں نے کہ آڈٹ کے ذریعہ محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ فنڈز کے استعمال میں بے قاعدگی اور اس کے ذمے داروں کا تعین کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ آڈٹ ڈیپارٹمنٹ اس بات کا جائزہ لے کہ مالی سال کے آخری مہینوں میں فنڈز کے استعمال میں تیزی میں کسی قسم کی بدعنوانی ، غلط استعمال کا عضر تو نہیں پایا جاتا ۔