مدینہ منورہ میں حجاج کرام کی خدمات کے لیے 32 مقامات مختص

پیر 8 اگست 2016 13:22

ریاض ۔ 8 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 اگست۔2016ء) سعودی حکام کی جانب سے عازمین حج و عمرہ کے لیے مکہ مکرمہ کے ساتھ مدینہ منورہ میں بھی غیرمعمولی اقدامات کیے گئے ہیں۔ غیر سرکاری فلاحی ادارے بھی حجاج ومعتمرین کی خدمات میں پیش پیش ہیں۔ عرب خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب میں نجی سطح پر شہریوں کی رہنمائی سے متعلق ادارے سول کاسٹ انسٹیٹیوٹ نے مدینہ منورہ اور مسجد نبوی میں 32 مقامات پرحجاج کرام کو خدمات مہیا کرنے کا اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

اس ادارے کی جانب سے روضہ رسول پرآنے والے متعمرین کی رہ نمائی اور مدد کے لیے 2600 رضاکاروں کی خدمات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو مجموعی طور پر زائرین کو 56 اقسام کی سہولیات مہیا کریں گے۔ سول کاسٹ انسٹیٹیوٹ کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے رکن انجینئر یاسر بن غالب دبور نے میڈیا کو بتایا کہ ادارہ مدینہ منورہ میں آنے والے حجاج کرام کی خدمت کے لیے ٹرانسپورٹ اور انٹرنیٹ کی سہولت بھی مہیا کرے گا۔اس مقصد کے لیے 104 گاڑیاں وقف کی گئی ہیں۔ 150 مقامات پر انٹرنیٹ سروس اور 220 موبائل انٹرنیٹ ڈیوائسز مہیا کرے گا۔