سرخ گوشت کا زیادہ استعمال گردوں کی بیماری کا سبب بن سکتا ہے،ماہرین صحت

پیر 8 اگست 2016 13:22

سنگاپور ۔ 8 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 اگست۔2016ء) ماہرین صحت نے کہاہے کہ سرخ گوشت کازیادہ استعمال گردوں کی بیماری کا سبب بن سکتا ہے۔نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپورکے ماہرین کا کہنا ہے کہ 63 ہزار 257 شہریوں میں کھانے کی عادات کا جائزہ لینے کے بعد معلوم ہوا ہے کہ 97 فیصد افراد سرخ گوشت جبکہ 3 فیصد مچھلی اور مرغی کا گوشت کھاتے تھے جسے سفید گوشت بھی کہا جاتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ مذکورہ افراد پر کیے گئے مطالعے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ جن افراد نے بہت زیادہ سرخ گوشت کھایا تھا ان میں سے کئی افراد ( ای ایس آر ڈی) تک پہنچ گئے اور ان میں گردوں کے فیل ہونے کے خدشات 40 فیصد تک بڑھ گئے جبکہ دال، مرغی اور مچھلی کھانے والوں میں یہ کیفیت نہیں دیکھی گئی۔ دوسری جانب ایسا ہی تجربہ چند دیگر افراد پر کیا گیا جنھیں سرخ گوشت کی بجائے دیگر اقسام کے پروٹین کھلائے گئے تو ان میں ای ایس آر ڈی کا خطرہ 62 فیصد تک کم ہوگیا۔

(جاری ہے)

ماہرین کا کہنا ہے کہ بکرے اور گائے کے گوشت کی بجائے دیگر ذرائع سے پروٹین کے حصول کا طریقہ اختیار کرنے سے گردوں کے امراض سے بچا جاسکتا ہے ۔ ماہرین نے سرخ گوشت کھانے والے افراد کو دودھ، مچھلی، سبزیوں اور سفید گوشت کا استعمال بڑھانے کا مشورہ بھی دیا ہے تاکہ گردوں کے ممکنہ امراض سے بچا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :