راجستھان میں پرائیویٹ سکول بس دریا میں جا گری ، تمام بچوں کو بچا لیا گیا

پیر 8 اگست 2016 14:22

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 اگست ۔2016ء ) بھارتی ریاست راجستھان میں سکول بس پاکلا دریا میں جا گری تاہم مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت تمام بچوں کو باحفاظت نکال لیا ۔بھارتی میڈیا کے مطابق پرائیویٹ سکول کی بس بچوں کو لیکر سکول آرہی تھی کہ پاکلا دریا پر پل عبور کرتے ہوئے پھسل کر دریا میں جا گری ۔ واقعے کے بعد بس میں موجود18 بچے پھنس گئے مگر مقامی افراد نے بس کا سامنے والا شیشہ توڑ کر بچوں کو باحفاظت باہر نکال لیا ۔

بس میں 5بچیاں بھی موجود تھیں۔

(جاری ہے)

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ اچاریہ ودیا ساگر سیکنڈری سکول بس کے ڈرائیور نے دریا پر تعمیر ایک چھوٹے پل سے گاڑی کو گزارنے کی کوشش کی ، پل کے گرد جنگلے بھی نہیں لگے تھے اور دریا میں سیلابی صورت حال کی وجہ سے پل پر دو فٹ تک پانی موجود تھا جس وجہ سے ڈرائیور کو پل کے ٹریک کا اندازہ نہیں ہو سکا اور بس دریا میں جا گری ۔حادثے کے بعد بس کا سامنے والا حصہ کسی چیز سے جا ٹکرایا جس وجہ سے بس پوری طرح دریا میں نہیں ڈوبی تاہم دیہاتیوں کے خبردار کرنے کے باوجود غفلت برتنے پر بس ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔