پنجاب بھر میں جعلی زرعی ادویات کے خاتمہ کیلئے کریک ڈاؤ ن تیز

پیر 8 اگست 2016 15:03

فیصل آباد۔8 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 اگست۔2016ء) پنجاب بھر میں جعلی زرعی ادویات کے خاتمہ کیلئے آپریشن کریک ڈاؤ ن تیز کر دیاگیاہے جبکہ مختلف مقامات سے کروڑوں روپے کی جعلی زرعی ادویات بھی برآمدکر لی گئی ہیں۔ محکمہ زراعت کے ذرائع نے بتایاکہ وزیرا علیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور صوبائی وزیر زراعت پنجاب ڈاکٹر فرخ جاوید کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں فیصل آباد ڈویژن سمیت صوبہ بھر میں جعلی و غیر معیاری اور ناقص زرعی ادویات بنانے و فروخت کرنے والے افراد کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ محکمہ زراعت پنجاب کے حکام کو مذکورہ مہم کو مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ محکمہ زراعت پنجاب جعلی زرعی ادویات اور کھادوں میں ملاوٹ کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی پر گامزن ہے اورجعلی زرعی ادویات کے خلاف جاری مہم کے نتیجہ میں زرعی ادویات میں ملاوٹ کے مرتکب افراد کا گھیرا تنگ کیا جا چکا ہے جس سے صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے۔انہوں نے بتایاکہ اعلیٰ حکام جعلی زرعی ادویات کے خلاف مہم کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کاشتکاروں کوہدایت کی کہ وہ اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔