پاکستان کی نظریاتی بنیادوں کو کھوکھلا اور کمزور نہیں ہونے دیں گے ،ڈاکٹر محمد ظفراقبال جلالی

جمعہ 12 اگست 2016 22:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 اگست ۔2016ء) مرکز اہل سنت جامعہ اسلام آباد میں جمعۃ المبار ک کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد علماء کونسل انٹرنیشنل کے چیئرمین ڈاکٹر محمد ظفر اقبال جلالی نے کہاکہ چودہ اگست ناچ گانوں ،فحاشی اور بے حیائی کو عام کرنے کا دن نہیں بلکہ اﷲ تعالیٰ کا شکر اور تجدید عہد کا دن ہے ۔

پاکستان دوقومی نظرئیے کی بنیاد پر قائم ہو ااس کی نظریاتی بنیادوں کو کھوکھلا اور کمزور نہیں ہونے دیں گے ،پاکستان اﷲ تعالیٰ کاخصوصی انعام ہے جس کی قدر کرنا ہر پاکستانی پر لازم ہے۔پاکستان اولیاء کا فیضان ہے ،پیروکاروں کو پاکستان بچانے کے لیے عملی جدوجہد کرنی چاہیے ،تحریک آزادی ٔپاکستان میں مشائخ اہل سنت کے کردار کوکسی صورت بھی تاریخ میں نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے وفاقی وزیر کامران مائیکل کے بیان کی پرزور مذمت کی اور پاکستان کے صدر اور وزیر اعظم کے مسلمان ہونے کی شرط کے خلاف بیان کوشرانگیزی اور آئین پاکستان پر حملہ قرار دیا اور کہاکہ اقلیتوں کے حقوق کا یہ ہر گز مطلب نہیں کہ پاکستانکی نظریاتی سرحدوں پر حملے کیے جائیں ،ہمیں اپنی نسلوں کو بھی پاکستان کی بے مثال ماضی کی تاریخ دہرا کر روشن مستقبل کی طرف بڑھنے کا جذبہ دینا چاہیے ۔

پاکستان کی سلامتی کی بات اور کوشش عبادت ہے ،مسئلہ کشمیر پر دارالعلوم دیوبند کا بھارتی مؤقف کی حمایت کرنا پاکستان اور دوقومی نظرئیے کے ساتھ دشمنی کے مترادف ہے ۔آخر میں تحریک پاکستان کے کارکنان اور بانی قائد اعظم محمد علی جناح سمیت تمام اکابرین کی آزادیٔ پاکستان کے لیے جدوجہد کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں ان کے درجات کی بلندی کی دعا کرتے ہیں اور سانحہ کوئٹہ کے شھدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرجمیل کی دعا کی ۔

متعلقہ عنوان :