اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے محمود خان اچکزئی سے اظہار خیال نہ کرنے کی درخواست کر کے قومی اسمبلی کا ماحول گرم ہونے سے بچا لیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 17 اگست 2016 15:35

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے محمود خان اچکزئی سے اظہار خیال ..

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 17اگست۔2016ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے محمود خان اچکزئی سے اظہار خیال نہ کرنے کی درخواست کر کے قومی اسمبلی کا ماحول گرم ہونے سے بچا لیا۔محمد خان اچکزئی دستاویزات کے ساتھ بھرپور تیاری میں تھے تو وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار بھی جواب دینے کے لیے ایوان میں حاضر پائے گئے۔

اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں سب نظریں ایوان میں موجود پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی اور وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار پرلگی تھیں، ہر کوئی تھا انتظار میں تھا کہ کب محمود خان اچکزئی اپنی نشست سے اٹھتے ہیں اوروفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار کے ساتھ اس کڑی تنقید کا حساب کتاب برابر کرتے ہیں جو ان پر کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

لیکن انتظار انتظار ہی رہا اور اسپیکر قومی اسمبلی نے اچانک غیر متوقع طور پر اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا۔ذرائع کے مطابق اسپیکر سردارایاز صادق نے پختون رہنما کو چٹ بھجوائی جس پہ ”پلیز نو“ تحریر تھا، اسپیکر نے یہ درخواست اس لئے کی تاکہ ایوان کا ماحول گرم نہ ہو۔ذرائع نے بتایا کہ پختون رہنما محمود اچکزئی کے پاس وہ تمام ریکارڈموجود تھا جب بطور اپوزیشن لیڈر چودھری نثار سیکورٹی اداروں پہ کب اور کیا تنقید کرتے رہے، صرف یہی نہیں بلکہ محمود خان اچکزئی نے بہت سوں کے بارے میں بھی بہت سے حقائق ایوان میں رکھنا تھے۔

چودھری نثار کو کوئی کھری کھری سنائے اور وہ خاموش رہیں ،ایسا ہو نہیں ہو سکتا یہی سب بھانپتے ہوئے اسپیکر نے چٹ بھیجی ، جس نے ایوان میں ہونےو الے اس تماشے کو روک لیا جس کاسب کو انتظارتھا۔