بحرین کے سرمایہ کاروں کی انرجی سیکٹر میں دلچسپی خوش آئند ہے ، گورنر سندھ

بحرین نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا جسے قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، قونصل جنرل سے ملاقات میں اظہار خیال بحرین کے سرمایہ کار پاکستان میں انرجی سیکٹر ، زراعت ، انفرااسٹرکچر سمیت دیگر شعبوں میں بھرپور سرمایہ کاری کرینگے، بحرین قونصل جنرل

جمعرات 18 اگست 2016 19:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 اگست ۔2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے بحرین کے قونصل جنرل Ebrahim Ahmed Isa Alhejazi نے جمعرات کو گورنر ہاؤس میں الوداعی ملاقات کی ۔ ملاقات میں دوطرفہ اقتصادی، معاشی تعلقات ،مشترکہ سرمایہ کاری سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا ۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ پاک بحرین تعلقات کئی دہائیوں پر مشتمل ہیں جو گذرتے وقت کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہو تے جارہے ہیں ، بحرین نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا بھرپور اخلاقی ساتھ دیا جسے قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے بعد پورے ملک سمیت صوبہ سندھ میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آرہی ہے جس سے غیر ملکی سرمایہ کاری کے رجحان میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بحرین کے سرمایہ کار وں کے پاکستان با الخصوص صوبہ سندھ میں عوامی فلاح و بہود کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی خوش آئند ہے جس سے انھیں بھی فوری فوائد کا حصول یقینی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ میں بھرپور استعداد موجود ہے یہاں باصلاحیت ہیومن ریسورس انتہائی پر کشش اہمیت کی حامل ہے اس ضمن میں حکومت سندھ سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات بھی فراہم کرے گی ۔بحرین کے قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان میں امن و امان کے قیام میں بہتری کاآج پوری اعتراف کررہی ہے بحرین کے سرمایہ کاربھی صوبہ سندھ میں سرمایہ کاری میں بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بحرین کے سرمایہ کار پاکستان میں انرجی سیکٹر ، زراعت ، انفرااسٹرکچر سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کرینگے۔

متعلقہ عنوان :