پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ خو شحالی کی ضمانت ہے، گورنر سندھ

46 ارب ڈالر ز کی سرمایہ کاری میں 35 ارب ڈالرز توانائی جبکہ 11 ارب ڈالر ز انفرااسٹرکچر پر خرچ ہو نگے ، چین کے قونصل جنرل سے ملاقات میں اظہار خیال مستحکم ، اقتصادی و معاشی لحاظ سے خوشحال پاکستان چین کے وسیع تر مفاد میں ہے ، چینی سرمایہ کار مزید سرمایہ کاری میں بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں ، قونصل جنرل

جمعرات 18 اگست 2016 21:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 اگست ۔2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے چین کے قونصل جنرل Ma Yaou نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں پاک چین دو طرفہ تعلقات ، اقتصادی راہداری منصوبہ ،مشترکہ سرمایہ کار سمیت دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ ملاقات میں گورنر سندھ نے کہا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند اور سمندر کی گہرائی سے زیادہ گہری ہے ،دنیا میں پاک چین دوستی اپنی مثال آپ ہے ،جو نہ صرف حکومت بلکہ عوامی سطح پر قائم ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ یہ مزید مستحکم ہو تی جارہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا ہمسایہ قریبی دوست ملک ہے جس نے ہر مشکل حالات میں پاکستان کی اقتصادی ، سماجی ، اخلاقی اور معاشی مدد کی ، بے لوث دوستی پر دونوں ممالک کو ناز ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انرجی بحران کے خاتمے کے لئے چین کے سرمایہ کار انرجی کے متعدد منصوبوں پر کام کررہے ہیں جن کی تکمیل سے انرجی بحران کا نہ صرف خاتمہ ہو جائے گا بلکہ پاکستان اپنی ضروریات سے زائد بجلی حاصل کرسکے گا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لئے گیم چینجر حیثیت رکھنے والے پاک چین اقتصادی منصوبہ کی تکمیل سے پاکستان میں خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہو جائے گا ، 46 ارب ڈالر ز کی سرمایہ کاری میں 35 ارب ڈالرز توانائی جبکہ 11 ارب ڈالر ز انفرااسٹرکچر پر خرچ ہو نگے جبکہ توانائی منصوبوں سے 17 ہزار میگا واٹ بجلی حاصل ہو گی جبکہ 30 سے زائد منصوبے اقتصادی راہداری سے متعلق ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری چین کے لئے بھی ایشیا ء کے مختلف ممالک سمیت مشرقی وسطیٰ اور افریقہ کے ممالک تک رسائی اور وہاں تجارت اور سرمایہ کاری کے لئے ایک سستا راستہ ثابت ہو گا جبکہ یہ منصوبہ کستان کے لئے انڈسٹریل زون کے قیام ، توانائی کے حصول اور تیز رفتار سفری سہولیات میں معاون ثابت ہوگا جو تیز ترین ترقی کے لئے انتہائی ناگزیر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ انشاء اﷲ 2018 ء تک مکمل کرلیا جائے گا اس ضمن میں منصوبہ کو فول پروف بنانے کے لئے پاک فوج نے نگرانی کے تمام انتظام سنبھال رکھے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی منصوبہ کے اعلان کے ساتھ ہی پاکستان دشمن قوتوں نے منصوبہ کو سبو تاژ کرنے کیلئے کو ششیں شروع کردی ہیں لیکن پاک چین رہنما پر عزم ہیں کہ منصوبہ کو ہر صورت مکمل کیا جائے گا ۔

چین کے قونصل جنرل نے گورنر سندھ کو بتایا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ دونوں ممالک کے وسیع تر مفاد میں ہے ، چین پاکستان کی اقتصادی و معاشی مدد کے لئے مزید منصوبے شروع میں دلچسپی لے رہا ہے کیونکہ مستحکم ، معاشی و اقتصادی لحاظ سے مضبوط پاکستان چین کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے سرمایہ کاری صوبہ سندھ با الخصوص کراچی میں متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری میں بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں جن میں انرجی سیکٹر ، زراعت ، انفرااسٹرکچر ، تعلیم و صحت سمیت دیگر شعبے شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب سے پاکستان با الخصوص صوبہ سندھ میں امن و امان میں نمایاں بہتری آرہی ہے امن و امان کی صورتحا ل سرمایہ کاری کے لئے نہایت ہی موزوں ہے ۔