سی این جی بسوں کے کرایوں میں فی سٹیج پانچ روپے اضافہ ، تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع

جمعہ 19 اگست 2016 14:17

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 اگست ۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ق)کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمر فاروقی نے لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کی جانب سے سی این جی بسوں کے کرایوں میں فی سٹیج پانچ روپے اضافہ پر پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں تحریک التوائے کار جمع کروادی ۔

(جاری ہے)

اپنی تحریک التوائے کار میں انہوں نے کہا کہ اربن سٹی سی این جی بسوں کے کرایوں میں اضافہ حکومت کے قول و فعل میں تضاد کو ظاہر کرتا ہے ایک طرف تو حکومت میٹرو بس پر ہر ماہ کروڑوں اور سالانہ اربوں روپے سبسڈی دے رہی ہے جبکہ دوسری طرف ٹرانسپورٹ کمپنی کے کرایوں میں اضافہ کرکے عوام پر بوجھ ڈالا جارہا ہے ۔

خدیجہ فاروقی نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات اور سی این جی میں اضافہ نہ ہونے کے باوجود سی این جی اے سی اربن بسوں کے کرایوں میں اضافہ معنی خیز ہے ۔انہوں نے کہا کہ سی این جی بسوں کا کرایہ پہلے ہی بہت زیادہ ہے سی این جی بس کی پہلی اسٹیج کا کرایہ 15روپے تھا جو اب 20روپے کردیا گیا ہے جبکہ آخری سٹیج کا کرایہ 35سے بڑھا کر40روپے کردیا گیا ہے جس سے سفید پوش اور غریب متاثر ہونگے ۔سی این جی بسوں کے کرایوں میں اضافہ ٹرانسپورٹر ز حضرات کو نوازنے کیلئے کیا گیا ہے اس لیے یہ اضافہ فی الفور واپس لیا جائے تاکہ مسافر عوام سکھ و سکون کا سانس لے سکیں ۔