آزاد کشمیر میں زیادہ سے زیادہ رقبہ قابل کاشت بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لاکر زراعت و خوراک کے شعبہ میں خود کفالت حاصل کرینگے ،چوہدری طارق فاروق

ہفتہ 20 اگست 2016 16:42

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 اگست ۔2016ء) سینئر وزیر آزاد کشمیر حکومت چوہدری طارق فاروق نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں زیادہ سے زیادہ رقبہ قابل کاشت بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لاکر زراعت و خوراک کے شعبہ میں خود کفالت حاصل کرینگے ۔ نہری پانی ، ٹیوب ویلز اور لفٹ پمپ کے ذریعہ کاشتکاروں کو زراعت کیلئے پانی فراہم ہوگا۔

حکومت پاکستان واپڈا کے ساتھ پانی کی فراہمی کیلئے باضابطہ معاملہ اٹھایا جائیگا۔ آبپاشی کے نظام کو ترقی دینگے ۔ محکمہ اس سلسلہ میں تجاویز اور منصوبہ جات تیار کرے ۔ گزشتہ روز محکمہ آبپاشی کی جانب سے دی گئی بریفنگ کے بعد اپنے خطاب میں سینئر وزیر حکومت نے واضح کیا کہ زراعت معیشت کی بنیاد ہے ۔ آزاد کشمیر کو اپنی ضرورت کیلئے غذائی ضروریات میں خود کفیل بنانے کی پالیسی کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

زرعی پالیسی کی تشکیل زیر کار ہے ۔ 5سال کے لئے زرعی پالیسی کے مطابق عملی اقدام ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی پالیسی کابینہ میں منظوری کیلئے پیش کی جائیگی ۔ آزاد کشمیر میں زراعت کے شعبہ میں سب سے زیادہ تعلیم یافتہ اور کوالیفائیڈ ماہرین موجود ہیں ۔ مگر ان سے کوئی کام نہیں لیا گیا ۔ہم نے اپنا ٹیلنٹ ضائع کیا ہے ۔ چوہدری طارق فاروق نے کہا کہ محکمہ آبپاش آزاد کشمیر بھر میں ان علاقوں کا سروے کرے جہاں زمین قابل کاشت بنانا ممکن ہو اور محکمہ آبپاشی پانی فراہم کرسکتا ہو۔

سروے کے بعد جامع سکیم بنائیں ۔ خطہ کشمیر کی مٹی ہر طرح کی فصل کی کاشت کیلئے موزوں ہے ۔ قدرتی موسم پانی کی فراوانی کے ذریعہ زرعی خود کفالت کی منزل کا حصول ممکن ہے ۔ بس منصوبہ بندی کی ضرورت ہے ۔ زراعت اور آبپاشی کا شعبہ نظر انداز کیا جاتا رہا ہے ۔ اب اس شعبہ کی جانب توجہ دینے کیلئے خصوصی اقدامات کی ضرورت محسوس کی گئی ہے ۔ سینئر وزیر حکومت نے کہا کہ زراعت و امور حیوانات کے شعبہ میں عملی کام کی گنجائش ہے ۔

محکمہ جات کام کی جانب توجہ دیں ۔ کاغذی کارروائیاں اب نہیں چلیں گی ۔ محکمہ آبپاشی سے مالی بحران ختم کرینگے اور اس شعبہ کو فعال بنا کر ملک و قوم کیلئے وقف کیا جائیگا۔ انہوں نے محکمہ کے تمام مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ آزاد کشمیر میں موسم اور ماحول کے مطابق ایسی فصلوں کی کاشت کیلئے ماحول سازگار بنائیں گے جو کاشت کاروں کیلئے بھی منافع بخش ثابت ہوں ۔

چوہدری طارق فاروق جب محکمہ آبپاشی کے دفتر پہنچنے تو ان کا محکمہ کے افسران نے استقبال کیا ۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت و امور حیوانات ڈاکٹر شہلا وقار بھی موجود تھیں ۔ بعد ازاں اپنے دفتر میں مختلف وفود کے ساتھ بات چیت کے دوران چوہدری طارق فاروق نے کہا کہ ہم خدمت اور کام کے جذبہ کے تحت آئے ہیں ۔ عوام کا مینڈیٹ دراصل توقعات سے وابستہ ہے ۔

عوامی خواہشات اور توقعات کے عین مطابق ہر شعبہ میں میرٹ قائم کرنے کی کوشش کرینگے ۔ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کی زیر قیادت تمام وزراء ایک ٹیم کی طرح کام کررہے ہیں ۔ اصلاحات ، بہتری ، بجٹ پر نظرثانی اور بلدیاتی الیکشن کا انعقاد ممکن بنانے کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں ۔ یہ کمیٹیاں فقط 15دن کے اندر اپنی رپورٹ پیش کردینگی اور مستقبل کے تمام معاملات کا دارومدار ان سفارشات پر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہم دن رات کام کی طرف متوجہ ہیں ۔

متعلقہ عنوان :