دو عہدے رکھنے والے کسان تنظیموں کے عہدیداران کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

کسان تنظیموں کی کار کردگی میں بہتری لانے کے لیے پیڈا کا لیگل فریم ورک بہتر بنا یا گیا ہے،میاں یاور زمان

اتوار 21 اگست 2016 15:37

لاہور۔(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 اگست - 2016ء ) محکمہ آبپاشی کی طرف سے دو عہدے رکھنے والے کسان تنظیموں کے عہدیداران کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا، صوبائی وزیر آبپاشی و چیئرمین پیڈا میاں یاور زمان نے ہدایت کی ہے کہ لوکل باڈیز الیکشن میں منتخب ہو نے والے کسان تنظیموں اور ایریا واٹر بورڈز کے ایسے نمائندگان کو نو ٹس جاری کئے جائیں جنہوں نے محکمانہ قوانین کے برعکس دو عہدے ابھی تک اپنے پاس رکھے ہیں ۔

محکمانہ قوانین کی روشنی میں خلاف ورزی کرنے والے ممبران کی رکنیت فوری طور پر ختم کردی جائے گی ۔ یہ بات انہوں نے یہاں پیڈا کے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں جنرل منیجرچوہدری اصغر حمید ،ڈپٹی جنرل منیجر ( ایڈمن) افضل انجم طور ، ڈپٹی جنرل منیجر ( سوشل موبلائزیشن ) شائق حسین عابدی ، ڈپٹی جنر ل منیجر ( آپریشن ) جاوید حیدر اعوان اور فیلڈ منیجرزنے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر میاں یاور ز مان نے کہا کہ پیڈا کے قوانین کے مطابق منتخب کسان نمائندے صرف ایک عہدہ اپنے پاس رکھ سکتے ہیں ۔ اس پالیسی کا مقصد یہ ہے کہ یہ نمائندے مکمل یکسوئی کے ساتھ کسان برادری کی فلاح و بہبود پر توجہ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ کسان تنظیموں کی کار کردگی میں بہتری لانے کے لیے پیڈا کا لیگل فریم ورک بہتر بنا یا گیا ہے تاکہ ایریگیشن سروس ڈیلیو ری میں بہتری ممکن ہوسکے ۔

انہوں نے کہا کہ کسان تنظیموں کو بالخصوص مون سون کے دوران مختلف پالیسی امور پر آن بورڈ رکھا جائے اور ان کے ساتھ مربوط اشتراک عمل کو یقینی بناتے ہوئے محکمانہ ترقیاتی امور کی بہترین انجام دہی کی جائے ۔اس طرح کسان برادری کو محکمانہ پالیسیوں سے بھر پور فائدہ پہنچے گا اور حکومت پر عوام کااعتماد بھی بڑھے گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ آبپاشی کے لیے رواں مالی سال کے دوران 41ارب روپے کا خطیر بجٹ مختص کیا گیا ہے ۔ اس بجٹ کے بہترین استعمال سے نہری ڈھانچہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں مدد ملے گی اور نہری پانی کی ٹیلوں تک روانی میں مزید بہتری آئے گی ۔

متعلقہ عنوان :