بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی لاہور کیمپس کے طلباء و طالبات ڈگریاں جاری نہ ہونے پر پھر سڑکوں پر نکل آئے

کینال روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کر کے بھرپور احتجاج ، گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ،طلباء اور شہریوں میں جھگڑے

پیر 22 اگست 2016 20:35

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اگست ۔2016ء) بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی لاہور کیمپس کے طلباء و طالبات ڈگریاں جاری نہ ہونے پر ایک بار پھر سڑکوں پر نکل آئے ،کینال روڈ کو ٹریفک کے لئے بند کر کے بھرپور احتجاج کیا ، ٹریفک جام ہونے سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس کے باعث طلباء اور شہریوں میں جھگڑے بھی ہوئے ۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی لاہور کیمپس کے طلباء و طالبات نے کیمپس پل کے قریب کینال روڈ بلاک کر کے احتجاج کیا ۔ طلبا ء و طالبات نے سڑک کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا اور اپنے مطالبات کے حق میں بھرپور نعرے بازی کی ۔ طلبہ نے ہاتھوں میں اپنے مطالبات کے حق میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر طلبہ کا کہنا تھا کہ تین سال سے ڈگریاں جاری نہیں کی گئیں جس کے بعد مجبوراً سڑکوں پر آئے ہیں ۔

ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے 180 دن کی ڈیڈ لائن دی تھی جس میں پی ایچ ڈی فیکلیٹی اور دیگر سہولیات بڑھانے کا کہا تھا ۔ لیکن تاحال کچھ نہیں ہو سکا ۔ ٹریفک بلاک ہونے پر شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور کئی گھنٹوں تک گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں جس کے باعث شہریوں اور طلبا ء میں لڑائی جھگڑے بھی ہوتے رہے تاہم موقع پر موجود پولیس کی بھاری نفری بیچ بچاؤ کرواتی رہی۔ بعد ازاں ترجمان سرود نہاد کی یقین دہانی پر طلبہ نے اپنا احتجاج ختم کر دیا تاہم وزیر اعلیٰ پنجاب سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :