ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ،خدیجہ فاروقی نے تحریک التوائے کار جمع کروادی

حکومت کی احتیاطی تدابیر ناکام ہوگئیں ،ڈینگی کے بروقت سپرے نہ ہونے سے ڈینگی کامرض بڑھا رہا ہے،رکن صوبائی اسمبلی

پیر 26 ستمبر 2016 19:27

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 ستمبر - 2016ء) پاکستان مسلم لیگ ق کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمر فاروقی نے ڈینگی کے مریضوں میں دن بدن اضافہ اور لاہور ،ملتان ،راولپنڈی جیسے بڑے شہروں کو ڈینگی کی لپیٹ میں آنے پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروادی۔ اپنی تحریک التوائے کار میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناقص حکمت عملی کے باعث رواں سال ڈینگی کر مریضوں کی تعداد450سے زائد ہوچکی ہے اور ڈینگی وائرس کے کیسز کے تعدد میں دن بد ن اضافہ ہورہا ہے ۔

جبکہ محکمہ صحت سب اچھا کا راگ الاپ رہا ہے ۔

(جاری ہے)

خدیجہ عمر فاروقی نے کہا کہ حکومت کی احتیاطی تدابیر ناکام ہوگئیں ،ڈینگی کے بروقت سپرے نہ ہونے سے ڈینگی کامرض بڑھا رہا ہے جبکہ حکومت نے سرکاری سکولوں میں سپرے پر پابندی عائد کررکھی ہے اس سے قبل سرکاری سکولوں میں ناقص سپرے کے باعث سینکڑوں بچے بچیاں بے ہوش ہوگئے تھے اور مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوگئے تھا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فی الفور ڈینگی کے صحیح مریضوں کی تعداد اسمبلی میں پیش کرے اور ڈینگی سے نمٹنے کیلئے اب تک کیے گئے اقدامات سے آگاہ کرے نیز امسال ڈینگی کے مرض کے خاتمہ کیلئے کتنا سپرے خریدا گیا اور کتنا استعمال کیا گیا اس کی رپورٹ بھی اسمبلی میں پیش کرے ۔