صوبہ میں علماء کرام کے تعاون سے بھرپور و موثر اقدامات بروئے کار لائے جائیں،گورنر سندھ

علماء کرام کے تعاون سے ڈویژن اور اضلاع کی سطح پر امن کمیٹیاں تشکیل دی جائیں ،مشیر مذہبی امور ،ڈپٹی میئر ،ڈی جی رینجرز اور اے آئی جی سے گفتگو

منگل 27 ستمبر 2016 18:10

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 ستمبر - 2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے مذہبی امور ڈاکٹر عبدالقیوم سومرو، وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی غلام شاہ جیلانی ، ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ ، ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر اور ڈائریکٹر جنرل سندھ رینجرز کے نمائندے نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبہ میں امن وامان کے قیام ، محرم الحرام کے موقع پر سیکورٹی انتظامات اور علماء کرام کے تعاون سے کئے گئے اقدامات سے گورنر سندھ کو تفصیلی آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ صوبہ میں امن و امان کی فضاء برقرار رکھنے کے لئے علماء کرام کے تعاون سے بھرپور و موثر اقدامات بروئے کار لائے جائیں اس ضمن میں حساس مقامات پر خفیہ نگہبان کیمروں سمیت سیکورٹی کے بھرپور انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ علماء کرام کے تعاون سے ڈویژن اور اضلاع کی سطح پر امن کمیٹیاں تشکیل دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مجالس ، جلوس ، ریلیوں سمیت دیگر پروگرامز کے انعقاد کے مقامات پر صفائی اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا خصوصی انتظام کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :