بھارت نے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کی کوشش کی تو پاکستان اس پر بھر پور احتجاج کریگا ‘سرتاج عزیز

عالمی بینک معاہدے میں نہ صرف سہولت کار تھا بلکہ اس معاہدے کا ضامن بھی تھا ،بھارت یکطرفہ معاملے پر فیصلہ نہیں کر سکتا

منگل 27 ستمبر 2016 21:04

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 ستمبر - 2016ء) وزیراعظم کے خارجہ امور کے مشیر سرتاج عزیز نے کہا کہ اگر بھارت نے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کی کوشش کی تو پاکستان اس پر بھر پور احتجاج کرے گا اور اس معاملے کو عالمی بینک اور بین الااقوامی عدالت میں لے کر جایا جائے گا۔گزشتہ روز قومی اسمبلی میں توجہ دلا نوٹس کا جواب دیتے ہوئے سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف ہونے والی جنگوں اور کارگل کے واقعے کے بعد بھی سندھ طاس معاہدہ معطل نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

سرتاج عزیز نے قومی اسمبلی کو بتایا کہ عالمی بینک سندھ طاس معاہدے میں نہ صرف سہولت کار تھا بلکہ اس معاہدے کا ضامن بھی تھا اور بھارت یکطرفہ طور پر اس معاملے پر فیصلہ نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کو اٹھا کر پاکستان پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے جبکہ پاکستان کسی بھی قسم کا بھارتی دباؤ قبول نہیں کرے گا۔سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدے کے تحت بھارت مختص دریاؤں کا پانی استعمال تو کر سکتا ہے لیکن ان کا بہا ؤروک نہیں سکتا۔