نوجوان ملک و قوم کا روشن مستقبل اور قیمتی اثاثہ ہیں،ان کی محنت اور اعلی کارکردگی سے مستقبل کے چیلنجز پرقابو پانے میں مدد ملے گی‘شہباز شریف

تعلیم کے بغیر ترقی کاخواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، فروغ تعلیم کے پروگراموں کے لئے وزیر اعظم کی قیادت میں حکومت ہر ممکن سہولیا ت فراہم کر رہی ہے،ملک کو دہشت گردی اور انتہاپسندی کا چیلنج درپیش ہے ،سیاسی اور عسکری قیادت دہشت گردی اور شدت پسندی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پرعزم ہے ،وزیراعلیٰ پنجاب

جمعرات 29 ستمبر 2016 22:00

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 ستمبر - 2016ء ) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوان ملک و قوم کا روشن مستقبل اور قیمتی اثاثہ ہیں، ان کی محنت ، ریاضت ، اخلاص اور اعلی کارکردگی سے ملک ترقی کرے گا اور مستقبل کے چیلنجز پر قابو پانے میں مدد ملے گی، تعلیم کے بغیر ترقی کاخواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا،صرف تعلیم کے ذریعے ہی نوجوان مسلمانوں کی عظمت رفتہ کو پھر سے دنیا میں بحال کر سکتے ہیں اور فروغ تعلیم کے پروگراموں کے لئے وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی قیادت میں حکومت ہر ممکن سہولیا ت فراہم کر رہی ہے-وزیر اعلی نے لارنس کالج گھوڑا گلی مری کی شاندار تعلیمی خدمات اور اس مادر علمی سے فارغ التحصل ہونے والے اولڈ گیلئنز کی قومی اور عالمی سطح پر اعلی خدمات کو سراہتے ہوئے حکومت پنجاب کی طرف سے لارنس کالج کی سالانہ گرانٹ ایک کروڑ روپے سے بڑھا کر دس کروڑ روپے کرنے کا اعلان کیا ، ادارے کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی سفارش کی اور اس عزم کا اظہا ر کیا کہ طلباء صمیم قلب کے ساتھ محنت اور کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھ کر دوسروں کیلئے ایک مثال بنیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کا اظہار لارنس کالج گھوڑا گلی مری میں کالج کے سالانہ 156 ویں یوم تاسیں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب میں اولڈ گیلئن سابق وزیر اعظم پاکستان میر ظفر اللہ خان جمالی سمیت کالج کے سابق طلباء، فیکلٹی ممبران، والدین اور طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ وزیر اعلی پنجاب نے اپنے خطاب میں کہا کہ رات گئے تک سخت محنت اور عزم کے ساتھ خود کو علم سے آراستہ کرنے والے طلباء 70 سال سے قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے ادھورے خواب کو پورا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

وزیر اعلی نے کہاکہ نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہے اور ملک و قوم کو نوجوانوں سے گہری توقعات وابستہ ہیں۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہارکیا کہ لارنس کالج میں ایساشفاف نظام وضع کیا گیاہے جس میں نقل کی کوئی گنجائش نہیں اور صرف میرٹ اور کارکردگی کی بنیاد پر ہی بچوں نے تعلیمی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں اعزازات اور کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

محمد شہباز شریف نے بچوں کی کردارسازی اور انہیں بامقصد اور معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی پر کالج انتظامیہ کی خدمات اور والدین کے جذبے کو سراہا اور کہا کہ کالج کی شاندار تعلیمی خدمات کی روایات کو برقرار رکھا گیا ہے اور یہاں تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کی بھرپور تعلیم و تربیت اور توجہ سے نگینہ بنایا جا رہے جو ملک و قوم کے معمار ثابت ہوں گے۔

وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ ملک کو اس وقت دہشت گردی اور انتہاپسندی کا چیلنج درپیش ہے اور دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے افواج پاکستان، پولیس ، قانون نافذ کرنے والے اداروں ، شہریوں اور طلباء و طالبات کی قربانیاں قابل فخر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اور عسکری قیادت دہشت گردی اور شدت پسندی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پرعزم ہے اور ضرب عضب کے دوران افواج پاکستان کی کامیابیاں قابل تعریف ہیں۔

اپنے خطاب کے دوران وزیر اعلی پنجاب نے علامہ اقبال کے اشعار کا حوالہ دیتے ہوئے نوجوان گیلئنز سے کہا کہ وہ ذوق و شوق کے ساتھ تعلیم حاصل کرکے خود کو قومی ترقی میں قائدانہ کردار ادا کرنے کے لئے تیار کریں۔ قبل ازیں پرنسپل لارنس کالج گھوڑا گلی مری بریگیڈیئر مجاہد عالم نے خطاب کرتے ہوئے ادارے کی تعلیمی کامیابیوں اور ہم نصابی سرگرمیوں میں نمایاں خدمات کا ذکرکیا۔

انہوں نے کہاکہ کالج میں تعلیمی معیار کی بہتری کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ،نصابی تعلیم کے ساتھ ساتھ طلباء میں تخلیقی صلاحیتوں کواجاگر کرنے کے مواقع بھی فراہم کئے جا رہے ہیں اور بہترین تعلیمی و تربیتی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔بعد ازاں وزیر اعلی پنجاب نے نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والے طلباء میں انعامات اور اعزازات تقسیم کئے۔