وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال بھارتی فائرنگ کی شدید مذمت

دشمن کے مذموم عزائم خاک میں ملانے کیلئے پوری قوم بہادر افواج کے ساتھ ہے‘شہبازشریف پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے،دشمن کسی بھول میں نہ رہے ،کوئی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا

جمعرات 29 ستمبر 2016 22:01

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 ستمبر - 2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال بھارتی فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔وزیراعلیٰ نے جام شہادت نوش کرنیوالے فوجی جوانوں کوزبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے اور کہاہے کہ دشمن کے مذموم عزائم خاک میں ملانے کیلئے پوری قوم بہادر افواج کے ساتھ ہے۔وطن عزیز کے دفاع کیلئے شہید ہونے والے فوجی جوان قوم کے ہیرو ہیں اورقوم کو ان کی عظیم قربانی پر فخر ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک افواج وطن کے دفاع کے لئے ہمہ وقت تیار اور بھر پور صلاحیت رکھتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔دشمن کسی بھول میں نہ رہے اورکوئی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا ۔ پاک افواج کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہیں ۔ پاک افواج وطن عزیز کے ایک ،ایک انچ کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں اورپوری قوم مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلااشتعال فائرنگ سے بھارتی جارحیت بے نقاب ہوچکی ہے۔