وزیراعلیٰ پنجاب کی شہید نائیک امتیاز احمدکے گھرفیصل آبادآمد، قبرپر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی

شہید کے اہل خانہ سے ملاقات، علاقے کے سکول کو اپ گریڈ کرکے شہید امتیاز احمد کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان پاکستانی قوم میں انتشار، نفاق اور تصادم کو فروغ دینے والے شہیدوں کے خون سے بے وفائی کر رہے ہیں، شہید امتیاز احمد نے اپنا آج قوم کے کل پر قربان کرکے عظیم مثال قائم کی ہے ، جام شہادت نوش کرکے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے،میں شہید امتیازاحمد کے بزرگ والدین کو ان کی ہمت پر سلام پیش کرتا ہوں،شہید کی بچیوں کیلئے جو کچھ بھی ہوسکا وہ کریں گے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 30 ستمبر 2016 21:51

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 ستمبر - 2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف لائن آف کنٹرول پربھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے شہید ہونے والے فوجی جوان نائیک امتیاز احمدکے گھر جمعہ کو فیصل آبادگئے اورشہید کے والدین،بچیوں اوردیگر اہل خانہ سے ملاقات کی اورشہید امتیاز احمد کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔وزیراعلیٰ نے ہجویری ٹاوٴن سرگودھا روڈ فیصل آباد کے مقامی قبرستان میں شہید امتیاز احمدکی قبر پر بھی گئے اورشہید کی قبرپر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

وزیراعلیٰ نے علاقے کے سکول کو اپ گریڈ کرکے شہید امتیاز احمد کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا۔وزیراعلیٰ نے شہید نائیک امتیاز احمد کی جرأت اور بہادری کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید امتیاز احمد نے اپنا آج قوم کے کل پر قربان کرکے عظیم مثال قائم کی ہے اور پاکستان کیلئے جام شہادت نوش کرکے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

شہید امتیاز احمد اورشہید حوالدارجمعہ خان پوری پاکستانی قوم کے ہیرو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید امتیاز احمد جیسے بہادر سپوتو ں کے ہوتے ہوئے دشمن وطن عزیز کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہیں کرسکتا۔شہید امتیازاحمد فوج کے ساتھ پوری قوم کا سرمایہ اور فخر ہے۔ ہمارا ایمان ہے کہ شہید ہمیشہ زندہ رہتے ہیں اورشہید امتیاز احمد بھی ہمیشہ زندہ رہیں گے۔

شہید امتیاز احمدکی عظیم قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔انہوں نے کہا کہ شہداء کا خون ضرور رنگ لائے گااورکشمیریوں کوآزادی نصیب ہوگی۔انہوں نے کہا کہ میں شہید امتیازاحمد کے بزرگ والدین کو ان کی ہمت پر سلام پیش کرتا ہوں۔ پوری قوم شہید امتیاز احمدکے خاندان کے ساتھ ہے اور پنجاب حکومت بھی ساتھ ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہید کی بچیوں کیلئے جو کچھ بھی ہوسکا وہ کریں گے۔

وزیراعلیٰ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان جس نازک دور سے گزررہا ہے ان حالات میں اتحاد اوراتفاق کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے اور ہم سب کو انتشار، نفاق اور تصادم کی بجائے یکجہتی اور اتحاد کو فروغ دینا ہے کیونکہ مادر وطن کی حفاظت ہمیں سیسہ پلائی ہوئی دیوار بننے کا درس دیتی ہے۔انہو ں نے کہا کہ بدقسمتی کی بات ہے کہ آج پاکستانی قوم میں انتشار، نفاق اور تصادم کو فروغ دینے والے شہیدوں کے خون سے بے وفائی کر رہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے شہید امتیاز احمد کے بزرگ والدین کو حوصلہ دیا اور شہید امتیاز احمد کی بچیوں سے شفقت کا اظہار کیا۔