وزیراعلیٰ پنجاب سے بیلاروس کے سفیراندرے ارمولووچ کی ملاقات،شہباز شریف کی روسی زبان میں گفتگو

بیلاروس کی ٹریکٹر ساز کمپنی کے ڈائریکٹر جنرل فیڈرڈموٹینکو کی پنجاب میں ٹریکٹر اسمبلنگ کا پلانٹ لگانے میں اظہار دلچسپی وفد کی بیلاروس کے صدرکی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کوبیلاروس کے دورے کی دعوت

جمعہ 30 ستمبر 2016 21:51

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 ستمبر - 2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے جمعہ کو یہاں بیلاروس کے سفیراندرے ارمولووچ نے ملاقات کی،بیلاروس کی معروف ٹریکٹر ساز کمپنی کے ڈائریکٹر جنرل فیڈرڈموٹینکو بھی اس موقع پر موجود تھے-وزیراعلیٰ شہبازشریف نے بیلا روس کے وفد کے ساتھ روسی زبان میں گفتگوکی، وفد نے وزیراعلیٰ کی جانب سے روسی زبان میں گفتگو پر خوشگوار حیرت کا اظہار کیااور وزیراعلیٰ کی روسی زبان پر عبور کی تعریف کی اورکہاکہ ہمیں پاکستان کے سب سے بڑے صوبے کے وزیراعلیٰ کو روسی زبان میں بات چیت کرتے ہوئے دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔

بیلاروس کی معروف ٹریکٹر ساز کمپنی کے ڈائریکٹر جنرل فیڈرڈموٹینکو کی پنجاب میں ٹریکٹر اسمبلنگ کا پلانٹ لگانے میں دلچسپی کا اظہارکیا اور کہا کہ پاکستان خصوصاً پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں -وفد نے بیلاروس کے صدرکی جانب سے وزیراعلیٰ شہبازشریف کو بیلاروس کے دورے کی دعوت دی۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب سرمایہ کاری کیلئے بے پناہ مواقع رکھتا ہے اوریہاں زراعت ،معدنیات،لائیوسٹاک ،صنعت اوردیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی بے پناہ گنجائش موجود ہے- بیلاروس کے سرمایہ کار یہاں سرمایہ کاری کریں انہیں ہر طرح کی سہولتیں فراہم کریں گے۔

وزیراعلیٰ نے بیلاروس کے دورے کی دعوت دینے پر وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنی پہلی فرصت میں بیلاروس کا دورہ کروں گا-رکن پنجاب اسمبلی سید رضا علی گیلانی،پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ہارون شوکت،سیکرٹری صنعت اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔