وزیراعلیٰ پنجاب سے چیئرمین پیمرا کی ملاقات، غیر قانونی ڈی ٹی ایچ کے ذریعے انڈین چینلز کیخلاف کریک ڈاؤن بارے بریفنگ دی

پیمرا کا غیر قانونی ڈی ٹی ایچ کے ذریعے انڈین چینلز کیخلاف کریک ڈاؤن خوش آئندہے،حکومت پنجاب ہر ممکن تعاون کریگی‘ شہباز شریف

ہفتہ 1 اکتوبر 2016 20:46

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم اکتوبر - 2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے پاکستان الیکٹرانک میڈیاریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے چیئرمین ابصار عالم کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔چیئرمین پیمرا نے غیر قانونی ڈی ٹی ایچ کے ذریعے انڈین چینلز کے خلاف کریک ڈاؤن کے حوالے سے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

چیئرمین پیمرا نے بتایا کہ15 اکتوبر سے غیر قانونی ڈی ٹی ایچ کے ذریعے انڈین چینلزکے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے - وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیمرا کی جانب سے غیر قانونی ڈی ٹی ایچ کے ذریعے انڈین چینلزکے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ ایک خوش آئند اقدام ہے اورحکومت پنجاب اس ضمن میں پیمرا کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پیمرا کے لاہور آفس میں نیوچینل کے خلاف درخواست کی سماعت کے دوران ملازمین کو ہراساں کرنے اورہنگامہ آرائی کے واقعہ کی انکوائری کرائیں گے اور اس ضمن میں ضروری ہدایات جاریکر دی گئی ہیں۔وزیراعلیٰ نے چیئرمین پیمرا کو بڑے شہروں میں پیمرا کے دفاتر کے قیام کیلئے تعاون کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔