ایران کی بھارت سے خام تیل کی واجب الادا رقوم کی ادائیگی کی اپیل

منگل 11 اکتوبر 2016 12:15

تہران ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2016ء) ایران کے وزیر خزانہ نے اپنے بھارتی ہم منصب کے ساتھ ملاقات میں خام تیل کی واجب الادا رقوم کی ادائیگی جاری رکھنے کی اپیل کی ہے۔ ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاس کے موقع پر ایران کے وزیر خزانہ علی طیب نیا نے اپنے بھارتی ہم منصب ارون جیٹلی سے ملاقات میں کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان بروکر تعلقات کی بحالی ہماری ترجیحات میں شامل ہے جو پابندیوں کی وجہ سے منقطع ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں پیشرفت حاصل ہوئی ہے تاہم یہ تعلقات ابھی تک مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ملاقات کے دوران ارون جیٹلی نے یقین دلایا کہ بھارت کے وزیراعظم کے دورہ تہران کے موقع پر ہونے والے معاہدوں کے مطابق نئی دہلی حکومت ایران کو واجب الادا رقوم کی ادائیگی کی پابند ہے۔ رپورٹ کے مطابق رواں سال کے ابتدائی آٹھ ماہ کے دوران گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں بھارت نے ایران سے خام تیل کی درآمدات میں 84 فیصد اضافہ کیا ہے جو تین لاکھ پچانوے ہزار بیرل یومیہ تک پہنچ گئی ہیں۔ یاد رہے کہ بھارت٬ چین٬ جنوبی کوریا اور جاپان ایران کے خام تیل کے سب سے بڑے خریدار سمجھے جاتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :