ایشون کی تباہ کن بائولنگ٬ بھارت نے نیوزی لینڈ کو آخری ٹیسٹ میں 321 رنز سے ہرا کر سیریز میں وائٹ واش کر دیا

کیوی ٹیم 474 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دوسری اننگز میں 153 رنز پر ڈھیر٬ پوجارا کی ناقابل شکست سنچری٬ ایشون کی میچ میں 13 وکٹیں٬ ایشون میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار

منگل اکتوبر 17:36

ایشون کی تباہ کن بائولنگ٬ بھارت نے نیوزی لینڈ کو آخری ٹیسٹ میں 321 رنز ..
انڈور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 اکتوبر2016ء) چیتشورپوجارا کی شاندار سنچری کے بعد ایشون کی تباہ کن بائولنگ کی بدولت بھارت نے نیوزی لینڈ کو تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں 321 رنز کے واضح مارجن سے شکست دے کر سیریز میں 3-0 سے وائٹ واش کر دیا٬ بھارت نے اپنی دوسری اننگز 216 رنز 3 کھلاڑی آئوٹ پر ڈیکلیئر کر کے کیویز کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 474 رنز کا ہدف دیا٬ پوجارا 101 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے٬ جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 153رنز پر ڈھیر ہو گئی٬ ایشون کی جادوئی سپن بائولنگ کے سامنے نیوزی لینڈ کا کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا٬ روز ٹیلر 32 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ 5 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے٬ ایشون نے 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ایشون نے میچ میں 13 کھلاڑیوں کو آئوٹ کر کے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ ایشون کو عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ منگل کو انڈور ٹیسٹ کے چوتھے روز بھارتی ٹیم نے 18 رنز بغیر کسی نقصان اپنی دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو مرلی وجے 11 اور چیتشورپوجارا ایک رن پر کھیل رہے تھے٬ 34 کے سکور پر وجے 19 رنز بنا کر رن آئوٹ ہو گئے٬ اس موقع پر گوتم گھمبیر نے پوجارا کا ساتھ دیا٬ دونوں بلے بازوں نے مل کر سکور 110 تک پہنچایا٬ یہاں پر گھمبیر 50 رنز بنا کر پٹیل کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے٬ کپتان ویرات کوہلی بیٹنگ کا جادو نہ چلا سکے اور 17کے انفرادی سکور پر پٹیل کی گیند کا نشانہ بنے٬ اس کے بعد راہانے نے وجے کا ساتھ دیا٬ پوجارا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے راہانے کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ میں 58 رنز کی ناقابل شکست شراکت جوڑ کر ٹیم کا سکور 216 تک پہنچا دیا٬ اسی دوران پوجارا نے شاندار سنچری مکمل کی اور اس موقع پر کپتان نے اننگز ڈیکلیئر کرنے کا اعلان کر کے کیویز کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 474 رنز کا ہدف دیا٬ پوجارا 101 اور راہانے 23 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے٬ پٹیل نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 153 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی٬ کیویز کا کوئی بھی بلے باز ایشون کی جادوئی سپن بائولنگ کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کر سکا٬ روز ٹیلر 32 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ 5 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے٬ ٹام لیتھم 6٬ مارٹن گپٹل 29٬ کپتان ولیمسن 27٬ لیوک رونچی 15٬ جیمز نیشم٬ جیتن پٹیل اور میٹ ہنری صفر٬ مچل سینٹنر 14 اور ٹرینٹ بولٹ 4 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے٬ ایشون نے پہلی اننگز کے بعد دوسری اننگز میں تباہ کن بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا٬ جدیجا نے 2 اور اومیش یاداو نے ایک وکٹ حاصل کی۔

متعلقہ عنوان :

Your Thoughts and Comments