وزیراعلیٰ پنجاب سے چینی صوبہ ننگشیا کے نائب گورنر کی ملاقات٬ زراعت٬ صنعت٬ تعلیم٬ صحت اور سیاحت میں تعاون کے فروغ پر اتفاق

چینی صدر کے ’’ون بیلٹ ون روڈ‘‘ ویژن سے پورے خطے میں خوشحالی اور ترقی کا نیا دور شروع ہوگا‘شہبازشریف سی پیک ہمارے عظیم دوست چین کا پاکستانی عوام کیلئے عظیم تحفہ ہے٬شفافیت٬ معیار اور رفتار حکومتی منصوبوں کا طرہ امتیاز ہے اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ چینی صدر اور وزیراعظم کا پاکستانی عوام کیلئے شاندار تحفہ ہے٬ منصوبے کیلئے فنڈنگ چین نے کی ہے نائب گورنر ننگشیا کے دورہ سے پنجاب اور چینی صوبے کے مابین تعلقات میں اضافہ ہوگا٬ تعاون کیلئے عملی اقدامات اٹھائینگے‘وزیراعلیٰ پنجاب وزیراعلیٰ شہبازشریف کے ترقیاتی ویژن سے بہت متاثر ہوا ہوں٬ان کے کام کرنے کی رفتار غیرمعمولی ہے ‘نائب گورنرننگشیا

پیر 17 اکتوبر 2016 19:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے یہاں چین کے صوبے ننگشیا کے نائب گورنر وانگ ہیشان کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب حکومت اور چینی صوبے ننگشیا کے مابین زراعت٬ صنعت٬ تعلیم٬ صحت اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے چین کے صوبے ننگشیا کے نائب گورنر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کا رشتہ نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔

چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور نے دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کو نئی جہت عطا کی ہے۔ سی پیک پاکستان کے عظیم دوست چین کا پاکستانی عوام کیلئے عظیم تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے صدر شی جن پنگ کا ’’ون بیلٹ ون روڈ‘‘ کا ویژن ایشیا میں امن٬ ترقی اور خوشحالی کا ویژن ہے اور ’’ون بیلٹ ون روڈ‘‘ سے پورے خطے میں خوشحالی اور ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چینی صوبے ننگشیا کے ساتھ زراعت٬ صنعت٬ تعلیم٬ صحت اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں گے تاکہ دونوں صوبے ایک دوسرے کے تجربات اور مہارت سے فائدہ اٹھا سکیں۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جاری پروگرامز کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب حکومت نے صوبے کی تیز رفتار ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔

شفافیت٬ اعلیٰ معیار اور رفتار پنجاب حکومت کے منصوبوں کا طرہ امتیاز ہے۔ صوبے میں توانائی٬ انفراسٹرکچر٬ ٹرانسپورٹ٬ تعلیم٬ صحت اور دیگر شعبوں میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے موثر حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ پنجاب میں نہ صرف سی پیک کے تحت توانائی کے منصوبے لگ رہے ہیں بلکہ پنجاب حکومت اپنے وسائل سے بھی بجلی کے کارخانہ لگا رہی ہے اور توانائی منصوبوں پر انتہائی برق رفتاری سے کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ساہیوال میں 1320 میگاواٹ کا کول پاور پراجیکٹ معیار اور رفتار کا شاہکار ہے۔ یہ منصوبہ دسمبر 2017ء تک مکمل ہونا تھا لیکن انتہائی تیز رفتاری سے کام کرتے ہوئے اس منصوبے کو جون 2017ء تک مکمل کر لیا جائے گا٬ وفاق اور پنجاب حکومت صوبے میں 3600 میگاواٹ کے گیس پاور منصوبوں پر بھی کام کر رہی ہیں٬ قائداعظم سولر پارک بہاولپور میں پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے ریکارڈ مدت میں 100 میگاواٹ کا منصوبہ لگایا ہے جبکہ چینی سرمایہ کاروں نے اس سولر پارک میں 300 میگاواٹ کا سولر منصوبہ لگایا ہے اور اس طرح قائداعظم سولرپارک سے مجموعی طور پر 400 میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہو رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے میں انفراسٹرکچر کو عالمی معیار کے مطابق بنا رہی ہے۔ لاہور اور پاکستان میٹرو بس پراجیکٹس سے لاکھوں لوگوں کو آرام دہ٬ باکفایت اور جدید سفری سہولتیں مل رہی ہیں جبکہ ملتان میٹرو بس پراجیکٹ کا جلد افتتاح کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح لاہور میں اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبے پر بھی کام ہو رہا ہے۔ لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ چین کے صدر اور وزیراعظم کا پاکستان کے عوام کیلئے ایک شاندار تحفہ ہے اور اس منصوبے کیلئے فنڈنگ چینی حکومت نے فراہم کی ہے۔

اس عظیم الشان منصوبے کی تکمیل سے روزانہ اڑھائی لاکھ لوگوں کو عالمی معیار کی جدید٬ باکفایت اور تیز رفتار سفری سہولت میسر آئے گی اور میٹرو ٹرین پر سفر کرنے والوں کی تعداد بتدریج پانچ لاکھ روزانہ تک پہنچ جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب حکومت اور چینی صوبے ننگشیا کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے فوری اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں ہمیں انتہائی تیزرفتاری سے آگے بڑھنا ہوگا اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔

وزیراعلیٰ نے پاکستان اور چین کے مابین سفارتی تعلقات کی 65 ویں سالگرہ کی تقریبات کے حوالے سے پاک چائنہ فرینڈ شپ کا ریلی کے کامیاب انعقاد پر نائب گورنر ننگشیا وانگ ہیشان کو مبارکبا د دی اور کہا کہ ایسی سرگرمیوںکے انعقاد سے دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نائب گورنر ننگشیا کے دورہ پنجاب سے صوبائی حکومت اور چینی صوبے کے مابین تعلقات میں اضافہ ہوگا اور ہمیں ایک دوسرے کے تجربات اور مہارت سے استفادہ کرنے کا موقع ملے گا۔

چین کے صوبے ننگشیا کے نائب گورنر وانگ ہیشان نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے مختلف شعبوں میں بہت پوٹینشل موجود ہے خصوصاً زراعت٬ صنعت٬ تعلیم٬ صحت اور سیاحت کے شعبوں میں ہم پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں اور ننگشیا اور پنجاب کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے وفود کے تبادلے تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین دوستی کو مضبوط بنانے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے دن رات کام کیا ہے اور چین کے عوام شہبازشریف سے محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے وزیراعلیٰ شہبازشریف انتہائی محنت اور عزم سے کام کر رہے ہیں اور میں آپ کے ترقیاتی ویژن سے بہت متاثر ہوا ہوں٬ یقینا آپ کے کام کرنے کی رفتار غیرمعمولی ہے اور اسی وجہ سے چین میں آپ کی غیرمعمولی رفتار کو ’’پنجاب سپیڈ‘‘ قرار دیا گیا ہے۔

انہو ںنے وزیراعلیٰ شہبازشریف کوصوبہ ننگشیا کے دورے کی دعوت بھی دی۔ چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات نے صوبہ پنجاب کی ترقیاتی حکمت عملی کے بارے میںبریفنگ دی۔چین کے قونصل جنرل یو بورن٬ چینی صوبے ننگشیا کے اعلیٰ حکام٬ صوبائی وزراء چوہدری محمد شفیق٬ رانا مشہود احمد٬ عائشہ غوث پاشا٬ آصف سعید منیس٬ خواجہ احمد حسان٬ چیف سیکرٹری اور سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔