وزیراعلیٰ پنجاب کی وزیراعظم نوازشریف کو مسلم لیگ (ن) کا بلامقابلہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد

شکست خوردہ عناصر دھرنوں اور ناکہ بندی کی غلط سیاست کرکے ملک میںانتشار اور انارکی پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں٬2018ء کے عام انتخابات میں بھی پاکستان مسلم لیگ(ن) کی خدمت خلق کی سیاست کی جیت ہو گی٬وزیر اعظم کا جمہوریت کے استحکام اور جمہوری اداروں کی مضبوطی میں کردار لائق تحسین ہے٬وزیر اعظم کی قیاد ت میں پاکستان مسلم لیگ (ن)کی جڑیں عوام میں بہت گہری ہوئی ہیں ٬وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف

منگل 18 اکتوبر 2016 20:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اکتوبر2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے وزیر اعظم محمد نواز شریف کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کا بلا مقابلہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نو منتخب چیئرمین راجہ ظفر الحق٬ سینئر نائب صدور٬سیکرٹری اطلاعات اورسیکرٹری فنانس کو بھی مبارکباد دیتے ہوئے ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

کنونشن سنٹر اسلام آباد میں پارٹی رہنماوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن)جمہوریت پر پختہ یقین رکھتی ہے اور پاکستان مسلم لیگ(ن) نے جمہوری تقاضے پورے کرتے ہوئے انٹرا پارٹی الیکشن منعقد کرکے اعلی جمہوری روایات قائم رکھی ہیں اور ملک بھر سے کونسل ممبران نے والہانہ جذبوں٬ نظم و ضبط اور خوش اسلوبی کیساتھ محمد نوازشریف کوپارٹی کا صدر اور دیگر عہدیداروںکا انتخاب کرکے ایک نئی سیاسی تاریخ رقم کی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے نو منتخب عہدیداران مزید جوش و جذبے کیساتھ عوامی خدمت کیلئے سرگرم رہیں گے اور پارٹی کو بنیادی سطح پر مضبوط اور فعال کرنے کیساتھ ملک کو ترقی اور خوشحالی سے ہمکنار کرنے میں ممدومعاون ثابت ہوں گے۔انہوںنے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ملک میں جمہوریت کے استحکام اور جمہوری اداروں کی مضبوطی میں لائق تحسین کردار ادا کیا ہے اور وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن)کی جڑیں عوام میں بہت گہری ہوئی ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن)عوام کی مقبول ترین پارٹی ہے اور عوام پارٹی کے صدر نواز شریف سے دلی لگا$ رکھتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں حکومت کی کاوشیں بارآور ثابت ہو رہی ہیں اورپاکستان ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت عوامی مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیںجس کے نتیجے میں عوام کے دلوں میں ان کی محبت بڑھ رہی ہے اور ضمنی انتخابات کے کامیاب نتائج پاکستان مسلم لیگ (ن)کی عوامی مقبولیت کا واضح ثبوت ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر پاکستان کے چاروں صوبوں٬ آزاد کشمیر ٬ گلگت بلتستان اور فاٹا سے آئے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنماوںاور کارکنوں بات چیت کے دوران موثر عوامی رابطے کیلئے ان کے کردار کی تعریف کی اور کہاکہ عوامی فلاح و بہبوداور ملکی تعمیر و ترقی کی قومی پروگراموں سے عوام کو آگاہ کرنے کیلئے باہمی رابطوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوامی خدمت کی سیاست کی بدولت پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک کی مضبوط ترین سیاسی جماعت بن چکی ہے۔ 2013ئ کے انتخابات میں عوا م نے پاکستان مسلم لیگ (ن)کو جو مینڈیٹ دیا اس کی بھرپور طریقے سے لاج رکھی ہے اورانشائ اللہ 2018ئ کے عام انتخابات میں بھی پاکستان مسلم لیگ(ن) کی خدمت خلق کی سیاست کی جیت ہو گی اوردھرنا دینے والے ہاتھ ملتے رہ جائیں گے اور یہ شکست خوردہ عناصر دھرنوں اور ناکہ بندی کی غلط سیاست کرکے ملک میںانتشار اور انارکی پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں۔