ٹریفک کے مسائل حل کرنے کے لئے کمشنر کراچی کی زیر صدارت اجلاس

جمعہ 25 نومبر 2016 14:50

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2016ء) کراچی میں شہریوں کو ٹریفک کے حوالے سے درپیش مسائل اور ان کے حل کے لئے کمشنر آفس میں اجلاس منعقد ہوا۔ کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ان چاروں روٹس کا جائزہ لیا گیا جن پر ملک کی معاشی سرگرمیوں کے تقاضوں کے پیش نظر ہیوی ٹریفک کو گذرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

اس موقع پر سن سیٹ بلیوارڈ خیابان رومی روٹ پر ٹریفک دشواریوں کے پیش نظر ہیوی ٹریفک پر پابندی عائد کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے اور فیصلہ کیا گیا کہ سن سیٹ بلیوارڈ خیابان رومی سے گذرنے والے ہیوی ٹریفک کو کے پی ٹی، آئی سی آئی برج سے براستہ ماری پور، گلبائی، شیر شاہ، ناردرن بائی پاس سپر ہائی وے، لنک روڈ، نیشنل ہائی وے منزل پیٹرول پمپ، یونس چورنگی، دائود چورنگی جانے کی اجازت ہو گی جبکہ دیگر تین روٹس جن پر ہیوی ٹریفک کو گذرنے کی اجازت رہے گی ان میں روٹ نمبر ایک سپر ہائی وے سے نیو کراچی انڈسٹریل ایریا، روٹ نمبر 2 نیشنل ہائی وے سے گودام چورنگی براستہ منزل پیٹرول پمپ، یونس چورنگی، دائود چورنگی، روٹ نمبر 3، ناردرن بائی پاس ہائی وے، پراچہ چوک، اسٹیٹ ایوینیو، سیمینس چورنگی، گلبائی ماری پور، جناح برج شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر کراچی نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے شہر میں ٹریفک مینجمنٹ بہتر کرنے اور ٹریفک دبائو کو کم کرنے کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ وہ شہر میں ٹریفک مینجمنٹ کو بہتر بنائے، شہر کی مصروف شاہراہوں پر پابندی عائد کرنے کے فیصلے پر مکمل عمل درآمد کرے، اس بات کو یقینی بنائے کہ ٹریفک قوانین پر شہر میں مؤثر طور پر عمل درآمد کیا جائے تاکہ شہر میں ٹریفک کے حادثات کی کوششوں کو کم کرنے اور ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کی حکومت کی کوششیں بارآور ہوں۔

ڈی آئی جی ٹریفک کراچی آصف اعجاز شیخ نے اجلاس کو ہیوی ٹریفک کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ شہر میں ایک لاکھ سے زائد مختلف ہیوی گاڑیوں کی آمدورفت ہے جن میں 22 وہیلرز، 10 وہیلرز، 6 وہیلرز ، آئل ٹینکرز، واٹر ٹینکرز اور ڈمپرز شامل ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ شہر میں دن کے اوقات میں ہیوی ٹریفک کی آمدورفت پر پابندی عائد ہے۔ اجلاس میں ڈی آئی جی ٹریفک آصف اعجاز شیخ، ایڈیشنل کمشنر ۔1 اسلم کھوسو، ڈپٹی کمشنرز، ایس ایس پیز ٹریفک، ڈائریکٹر منصوبہ بندی و ترقیات، کمشنر کراچی آفس سید محمد شکیب، سیکریٹری پی ٹی اے غضنفر علی قادری،سیکریٹری آر ٹی اے منشاد علی شاہانی کے علاوہ دیگر افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :