چین کی جنرل زبیر حیات کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹا ف کمیٹی اور جنرل قمر جاوید باجوہ کو آرمی چیف مقرر ہونے پر مبارکبا د

امید ہے مستقبل میں دونوں ممالک اوران کی افواج کے مابین خوشگوار تعلقات مزید فروغ پائیں گے ،چینی سفیر سن ویڈونگ کانئے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار،جنرل راشد محمود اورجنرل راحیل شریف کے کردار کی تعریف

پیر 28 نومبر 2016 20:07

چین کی جنرل زبیر حیات کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹا ف کمیٹی  اور جنرل ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 نومبر2016ء) چینی سفیر سن وی ڈونگ نے جنرل زبیر محمود حیات کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف اورجنرل قمر جاوید باجوہ کو چیف آف آرمی سٹاف کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیاہے کہ مستقبل میں دونوں ممالک اوران کی افواج کے مابین خوشگوار تعلقات مزید فروغ پائیں گے ۔

چینی سفارتخانے کی جانب سے پیر کو جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ چینی سفیر نے جنرل زبیر محمود حیات اور جنرل قمر جاوید باجوہ کی کامیابی کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل میں دونوں ممالک اور افواج کے مابین خوشگوار تعلقات مزید فروغ پائیں گے ۔انہوں نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کو بے شمار کامیابیوں اور ملک میں ا من واستحکام کے فروغ کے لئے کردار ادا کرنے پر بھی مبارکباد دی ۔

(جاری ہے)

چینی سفیر نے دونوں ممالک اور افواج کے مابین دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے کے لئے جنرل راحیل شریف کی جانب سے اہم کردار اداکئے جانے کی کاوشوں کو بھی سراہا ۔انہوں نے چین پاک اقتصادی راہداری کے لئے جنرل راحیل کے عزم اور حمایت کا بھی شکریہ ادا کیا۔ سن وی ڈونگ نے سبکدوش ہونے والے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود کو دونوں ممالک کی افواج کے مابین تعلقات کو فروغ دینے اور کامیابیاں حاصل کرنے پر بھی مبارکباد دی ۔انہوں نے دونوں ممالک کی افواج کے مابین تعلقات کو مستحکم کرنے کے لئے جنرل راشد محمود کے عزم کا خیر مقدم بھی کیا۔