روڈ سیفٹی پروگرامات ٹریفک حادثات میں کمی لانے میں مدومعاون ثابت ہو گی،آئی جی موٹروے پولیس

روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین کی آگاہی موٹروے پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے،شوکت حیات کا ڈرائینگ مقابلے میں شریک شرکاء سے خطاب

منگل 29 نومبر 2016 18:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2016ء) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے قیام کی 19ویں سالگرہ کی تقریبات کے سلسلے میں ڈی آئی جی موٹروے زون کے آفس اسلام آباد میں اسلام آباد کے مختلف سکولوں میں طالب علموں کے درمیان ڈرائینگ مقابلے کا انعقاد کیا گیا ۔ اس ڈرائنگ مقابلے کا مقصد نوجوانوں خصوصاًً طالب علموں میں روڈ سیفٹی اور ٹریفک حادثات سے بچائو کے لئے شعوربیدار کرنا ہے۔

تقریب کے مہمان خصوصی انسپکٹرجنرل ،نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس شوکت حیات تھے جبکہ ڈی آئی جی ہیڈ کواٹر غلام رسول زاہد، اے آئی جی (HRM) ناصر محمود ستی، اے آئی جی آپریشنز عباس احسن ،SSPموٹروے زون آفتاب احمد محسود اور SSP(M-2)شہریارسکندر اور دیگراعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انسپکٹرجنرل شوکت حیات نے کہا کہ روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین کی آگاہی کو موٹروے پولیس نے ہمیشہ پہلی ترجیح دی ہے تاکہ سڑکوں پر سفر کرنے والوں کی جان ومال کی بہترطریقے سے حفاظت کی جا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس نے ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی کے بارے میں نئی سوچ پید ا کی ہے اور عوام کی خدمت سے ان کے دل جیت لئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس نے دوران سفر مشکل میں مدد کا کلچر پیش کرکے پولیس اور عوام کے درمیان حائل فاصلوں کو دور کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ روڈ سیفٹی ہر شہری کی ذمہ دار ی ہے اور اسی طرح معاشرے کے تمام طبقوں کو ساتھ لے کراجتماعی طریقے سے حادثا ت پر قابو پایا جا سکتا ہے ۔

انہوں نے ان ڈرائینگ مقابلوں میں حصہ لینے والے طلباء وطالبات کو خراج تحسین پیش کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ملک کے دوسرے حصوں سے بھی طلباء ان جیسے پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے تاکہ ہم سڑکوں پر سفر کرنے والوں کی جانوں کو محفوظ بنا سکیں اورروڈ سیفٹی کا شعور اجاگر کرنے میں موٹروے پولیس کا بڑھ چڑھ کا ساتھ دے سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں کے بچوں نے روڈ سیفٹی ڈرائینگ مقابلوں میں بھرپور طریقے سے شمولیت اختیار کی ہے ،روڈ سیفٹی اورٹریفک قوانین کو اپنے مخصوص انداز میں پیش کر کے یہ ثابت کر دیاہے کہ پاکستان کے طالب علم شاہرائوں کو محفوظ بنانے میں اپنا بہترین کردار ادا کر سکتے ہیں۔

روڈ سیفٹی ڈرائینگ کے مقابلوںمیں (GSIS) کے طالب علم عبدالحنان نے روڈ سیفٹی ماڈل بنا کر سپیشل انعام حاصل کیا جبکہ روڈ سیفٹی ڈرائینگ مقابلوں میں پاکستان سویٹ ہوم اسلام آباد کے طالب علم خرم نے تیسری ، دی ایجوکیٹر ز پارک روڈ سکول کی طالبات کشف لاریب اور روشنہ نے بالترتیب پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کی۔ جن کو انسپکٹر جنرل ، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس شوکت حیات نے اپنے دست مبارک سے انعامات سے نوازا اور دیگر طالب علموں میں حوصلہ افزائی کے لئے اسناد تقسیم کئے۔ آخر میں ایس ایس پی موٹروے (M-1) آفتاب احمد محسود نے موٹروے زون کی جانب سے آئی جی کو سوینیئرپیش کیا۔

متعلقہ عنوان :